ریلوے پولیس کی روہڑی ریلوے اسٹیشن پر کامیاب کاروائی، بک شدہ سامان کو چوری کرنے والا ریلوے کا ہی ملازم گرفتار

 
0
343

چوری شدہ سامان برآمد کرکے ملازم کے خلاف روہڑی ریلوے تھانہ پر مقدمہ درج،عدالت میں پیش، تین روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا
سکھر، اگست 07 (ٹی این ایس):ریلوے پولیس کی روہڑی ریلوے اسٹیشن پر کامیاب کاروائی، بک شدہ سامان کو چوری کرنے والا ریلوے کا ہی ملازم گرفتار، چوری شدہ سامان برآمد کرکے ملازم کے خلاف روہڑی ریلوے تھانہ پر مقدمہ درج،عدالت میں پیش، تین روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔ ملزم کئی روز سے بک ہونے والے سامان میں سے اشیاء چوری کرکے آدھے داموں فروخت کرتا تھا۔ ریلوے پولیس۔

تفصیلا ت کے مطابق ریلوے پولیس کو غلام سرور نامی شخص نے شکایت کی کہ 29 اور30جولائی کی درمیانی شب ملتان سے روہڑی تک بک کرائے گئے سامان میں سے ایک کارٹن زرعی ادویات چوری ہوچکا ہے، جس کے بعدایس پی ریلوے باقر محی الدین گیلانی نے ریلوے پولیس کے ایس ایچ او غلام عباس بلو اور ایل ایچ سی عبدالغفار کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی، ٹیم نے تحقیقات کرتے ہوئے روہڑی ریلوے اسٹیشن پرہی ریلوے کیرج اسٹاف کے ملازم عمران ولد مصری خان اعوان کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرلیا، دوران تفتیش عمران نے چوری کا اعتراف کرتے ہوئے29 اور30جولائی کی درمیانی شب چوری کیے جانے والے زرعی ادویات کے کارٹن کی تفصیلات فراہم کیں، بعد ازاں روہڑی ریلوے پولیس نے ملازم کی بتائی گئی جگہ پر چھاپہ مار کر چوری شدہ سامان برآمد کرلیا، جس کے بعد روہڑی ریلوے تھانہ پر ملزم کے خلاف دفعہ نمبر379 پی پی سی کے تحت ایف آئی آر 15/2018 درج کرکے ملزم کو سول کورٹ روہڑی میں پیش کرنے کے بعد عدالت سے ملزم کا تین روزہ ریمانڈ حاصل کرکے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔دوسری جانب ریلوے پولیس کی کامیاب کاروائی پر ایس پی ریلوے باقر محی الدین گیلانی نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید ذمہ دارانہ ڈیوٹیاں سرانجام دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔