لینڈ مافیا کے ایماء پر  MOCECHS کی ممبرز ایکشن کمیٹی کے سربراہ چوہدری ارشد کی نیب حراست میں زیر چوب مبینہ ہلاکت کی سنسنی خیز خبر

 
0
425

نیب حکام نے سوسائٹی ہتھیانے کی غرض سے چوہدری ارشد پر تشدد کیا اور جبری دستخط لینے کی کوشش کی جس سے انھیں دل کا دورہ پڑا:ذرائع 
دل کا دورہ پڑا تھاتاہم ہسپتال لیجایا گیا اور اب ان کی طبیعت مستحکم ہے:نیب کی وضاحت
اسلام آباد، اگست 07 (ٹی این ایس ):منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کی  ممبرز ایکشن کمیٹی کے سربراہ چوہدری ارشد کے نیب راولپنڈی کے ٹارچر سنٹر میں جاں بحق ہونے کی اطلاعات،ترجمان نیب نے تردید کر دی۔ذرائع کے مطابق سات روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب کے اہلکاروں کے مبینہ تشدد  سے گزشتہ رات چوہدری ارشد کو دل کا شدید دورہ پڑا ۔واضح رہے چوہدری ارشد نیب کے کرپٹ افسران اور لینڈ مافیا کی ملی بھگت سے بنائے گئے جھوٹے ریفرنس میں نیب کے زیر حراست تھے۔ چوہدری ارشد کے ایک قریبی عزیز نے ٹی این ایس کو بتایا کہ نیب کی طرف سے چوہدری ارشد کو ہارٹ اٹیک سے متعلق آگاہ کیا گیا تاہم انھیں کس ہسپتال میں لےجایاگیا، انکی طبیعت کیسی ہے اور آیا وہ زندہ ہیں یا نہیں،  اس بارے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔ انھوں  نے  کہا  کہ چوہدری ارشد پر گزشتہ تین دن سے نیب کے ڈائریکٹر رضوان اور اسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر کریم کی طرف سے دباؤ ڈالا جا رہا تھا جو ان کے دورہ قلب کا باعث بنا۔
یاد رہے سابق ڈی جی ایچ آر ملک شکیل، سابق ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال مرزا اور لینڈ مافیا کے ایک بڑے و بدنام زمانہ گروہ کے ایماء پر جھوٹے ریفرنس میں نیب کی طرف سے منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے صدر رانا غلام فرید اور سیکرٹری مظہر حسین کے گھر پرغیر قانونی چھاپے مارے گئے تھے اور گزشتہ روز  ہی سوسائٹی کے سائٹ آفس پر نیب کے اہلکاروں اور قبضہ مافیا نے قبضہ بھی جمالیا تھا۔ ان انتقامی کارروائیوں کے نتیجہ میں نیب افسران اور لینڈ مافیا کا الٹا پول کھل گیا جس کے نتیجہ میں ہوئی بوکھلاہٹ پر انھوں نے چوہدری ارشد کو حراست میں لیکر ان پر شدید دباؤ ڈالا۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ باوجود اسکے کہ چوہدری ارشد دل کے عارضہ میں مبتلاء ہیں اور اب تک انھیں تین سٹینٹ ڈل چکے  ہیں نیب حکام نے نہ صرف انھیں حبس بیجا میں رکھا بلکہ سوسائٹی ہتھیانے کیلئے چند اہم دستاویزات پر دستخط لینے کے لئے ان پر تشدد بھی کیا جس سےانھیں دل کا شدید دورہ پڑا ۔
اس حوالے سے جب ٹی این ایس نے نیب کا موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تو  نیب ترجمان نے  چوہدری ارشد کے جاں بحق ہونے سے متعلق خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری ارشد  کی گزشتہ رات طبیعت بگڑ گئی تھی تاہم طبی امداد کے لئے انہیں پولی کلینک ہسپتال لے جایا گیا اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔