عیدالاضحی کے نزدیک آتے ہی سبزی کی قیمتوں کوپر لگ گئے،مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان عوام سخت اذیت میں مبتلا 

 
0
963

عیدالاضحی کی آمد سے قبل ہرسال پیاز، لہسن، ادرک، ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، لیموں اور ٹماٹرکی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہونا معمول کی بات ہے، شہری 
ہرسال عیدالاضحی کے موقع پر مخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوتا ہے لیکن اس کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں بلکہ وہ اسٹور مالکان ہیں جو معمول کی سپلائی روک کر ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں، بیوپاری 
جب ہمیں سبزی،منڈی سے مہنگی ملے گی تو ہم اسے سستا کیسے فروخت کرسکتے ہیں؟ وہ اس ضمن میں سارا الزام سبزی منڈی کے بیوپاریوں پر ڈالتے ہیں، سروے میں سبزی فروش کا اظہار خیال 
کراچی اگست9 (ٹی این ایس)عیدالاضحی کے نزدیک آتے ہی سبزی کی قیمتوں کوپر لگ گئے ہیں،جس کی وجہ سے مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان عوام سخت اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔حسب روایت ضلعی انتظامیہ اورپرائس کنٹرول کمیٹیوں نے مکمل خاموشی اختیارکر رکھی ہے۔کراچی کی سبزی منڈی میں پیازفی کلوگرام 15روپے کے اضافے سے 40روپے میں دستیاب ہے جبکہ بازار میں پیاز50سے60روپے میں فروخت کیاجارہاہے۔

ادرک سبزی منڈی میں 60 سے 80 روپے فی پاؤجبکہ عام مارکیٹ میں اس کی قیمت فروخت90روپے سے لے کر 140 روپے فی پاؤ تک ہے۔سبزی منڈی میں لہسن دیسی اورلہسن چائنا120روپے فی کلو سے لے کر240 روپے فی کلو تک میں دستیاب ہے جب کہ عام مارکیٹ میں اس کی قیمت دو سے تین گنا وصول کی جارہی ہے۔اسی طرح لیموں، پودینہ، ٹماٹر، ہری مرچ، ہرا دھنیا، لوکی، تورئی، ٹنڈا، پالک، شملہ مرچ، آلو اور اروی سمیت دیگر تمام سبزیوں کی قیمتوں میں گزشتہ 15 روز کے دوران 15 سے 30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سروے کے مطابق کراچی میں سبزی کے نرخوں میں بے پناہ تیزی دیکھنے میں آئی ہے جو روایتی ہے۔سبزی منڈی میں خریداری کے لیے آئے شہری نے بتایاکہ عیدالاضحی کی آمد سے قبل ہرسال پیاز، لہسن، ادرک، ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، لیموں اور ٹماٹرکی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہونا معمول کی بات ہے اورانتظامیہ و پرائس کنٹرول کمیٹی کی بے حسی و خاموشی بھی نئی نہیں ہے۔شہری نے بتایاکہ دکاندار ہرسال ان سبزیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کرتے ہیں جن کا استعمال عید قرباں کے موقع پر زیادہ ہوتا ہے۔شہریوں نے بتایاکہ عیدالاضحی کے موقع پر سب سے زیادہ مہنگا ہرا پپیتا ہوتا ہے کیونکہ باربی کیو وغیرہ میں بہت استعمال ہوتا ہے۔ عام دنوں کی نسبت عید قرباں کے موقع پر ہرا پپیتا سبزی کی دکانوں پر دستیاب ہوتا ہے۔شہری ٹماٹر کی بڑھتی قیمتوں سے باقاعدہ پریشان نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جس تیز رفتاری سے ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ رہے ہیں کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ عید قرباں پر ٹماٹروں کی قیمت کیا ہوگی؟،بیوپاریوں کے مطابق مارکیٹ میں اس وقت زیادہ تر مانسہرہ کا ٹماٹر فروخت ہورہا ہے کیونکہ پنجاب اور سندھ کی فصل آنے میں وقت درکار ہے۔ تاہم خریدار اسے مہنگائی کا سبب نہیں مانتے اور کہتے ہیں کہ عید سے قبل ٹماٹر کو کولڈ اسٹوریج میں رکھ کر قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔خریداروں کے مطابق ڈیڑھ ہفتہ قبل تک منڈی میں 50 تا 60 روپے فی کلو فروخت ہونے والا ٹماٹر اب 90 تا 130 روپے کلو میں دستیاب ہے جب کہ عام بازاروں میں اس کے نرخ کہیں ذیادہ ہیں۔بیوپاریوں کے مطابق یہ درست ہے کہ ہرسال عیدالاضحی کے موقع پر مخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوتا ہے لیکن اس کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں بلکہ وہ اسٹور مالکان ہیں جو معمول کی سپلائی روک کر ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر انتظامیہ اسٹورمالکان کے کولڈ اسٹوریج چیک کرلے تو تمام حقائق منظر عام پرآجائیں گے۔ وہ سبزی کی قیمتوں میں اضافے کا ایک بڑا سبب ساون کو بھی قراردیتے ہیں۔ساون میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں زیادہ تر ہرے پتے والی سبزیاں خراب ہوجاتی ہیں جو قیمتوں میں اضافے کا ایک بڑا سبب بھی بنتی ہیں۔اس کے علاوہ موسم کی تبدیلی بھی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ قرار دی جاتی ہے کیونکہ گرمی کی سبزیوں کا اختتام ہورہا ہوتا ہے اور سردی کی سبزیوں کی آمد میں وقت درکار ہوتا ہے، طلب و رسد کا یہ فرق منڈی کے بھاؤ بڑھا دیتا ہے۔سبزی فروشوں کے مطابق جب ہمیں سبزی،منڈی سے مہنگی ملے گی تو ہم اسے سستا کیسے فروخت کرسکتے ہیں؟ وہ اس ضمن میں سارا الزام سبزی منڈی کے بیوپاریوں پر ڈالتے ہیں۔