تنگوانی، اگست 10 (ٹی این ایس): سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے مرکز کی کال پر لاہور میں قتل ہوئےسندھی طالب علم قطب رند کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے قمرالدین سہریانی، دیدار علی سبزوئی، ظفر شیر بھیو، فدا حسین سبزوئی، زاہد حسین چاچڑ اور معشوق بھیو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ طالب علم کے قتل پر پنجاب پولیس خاموش بنی ہوئی ہے جو سوالیہ نشان ہے۔
انھوں نے کہا کہ لاہور پولیس مقدمے کو خراب کرنے اور اصل قاتلوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہے ہم ایسے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے اور میڈیا کے توسط سے چیف جسٹس آف پاکستان، نگران وزیراعظم اور لاہور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قطب رند کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے ان کو سزا دی جائے دوسری صورت میں احتجاجی دائرے کو وسیع کر دیا جائیگا۔