پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ نامزد کردیا

 
0
287

کراچی11 اگست (ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کیلئے مراد علی شاہ کو ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کر دیا ہے۔بلاول ہاﺅس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ جبکہ آغا سراج درانی کو اسپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کیلئے امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب نومنتخب ارکان بھی شریک ہوئے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون کے سید گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد سید عبداللہ شاہ شہید بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور اقتدار میں وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے پر براجمان ہوئے تھے۔مراد علی شاہ بلاول بھٹو کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں، اور وہ عام انتخابات کے دوران سندھ بھر میں کئے جانے والے بلاول بھٹو کے دورے کے موقع پر ان کے ساتھ ساتھ رہے تھے۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے الیکشن دو ہزار اٹھارہ میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس اسی سے کامیابی حاصل کی ہے، سرکاری نتائج کے مطابق پی ایس اسی میں پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ پچاس ہزار چار سو سڑسٹھ ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے امیدوار جلال محمود شاہ نے اکیس ہزار نو سو تیرہ ووٹ حاصل کرسکے تھے۔دوسری جانب سید ناصر حسین شاہ کا تعلق سندھ کے ضلع سکھر سے ہے۔