چیئرمین ضلع کونسل ٹھٹھہ غلام قادر پلیجو کی زیر صدارت ضلع کونسل کا بجٹ اجلاس

 
0
363

میں سال 2018-19کا 47 کروڑ 80 لاکھ 46 ہزار 327 روپے کا بجٹ ممبران کی متفقہ رائے سے منظور

ٹھٹھہ، اگست 14 (ٹی این ایس):چیئرمین ضلع کونسل ٹھٹھہ غلام قادر پلیجو کی زیر صدارت ضلع کونسل کا بجٹ اجلاس شہید بینظیر بھٹو ہال میں منعقد ہوا- اجلاس میں سال 2018-19کا 47 کروڑ 80 لاکھ 46 ہزار 327 روپے کا بجٹ ایوان میں پیش کیا گیا جو ممبران نے متفقہ رائے سے منظور کیا۔ ضلع چئیرمین غلام قادر پلیجو نے سال 2018-19کے بجٹ اجلاس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے اور یہ بجٹ ٹیکس فری بجٹ ہے جو ٹھٹھہ کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے بجٹ کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی بچت 23 کروڑ، 71 لاکھ، 60 ہزار 567 روپے، حکومت کی جانب سے ملنے والے ٹیکس کی مد میں سالانہ آمدنی 23 کروڑ، 92 لاکھ، 15 ھزار، 160 روپے جبکہ ٹینڈر فیس اور دکانوں و دیگر پراپرٹی کے کرایوں کی مد میں 16لاکھ ، 70 ھزار، 600 روپے شامل ہیں ۔ جس سے ٹوٹل آمدنی کا سالانہ تخمینہ 47 کروڑ، 80 لاکھ ، 46 ہزار 327 روپے بنتا ہے۔ جبکہ سال 2018-19کے اخراجات کا تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 9کروڑ، 61 لاکھ، 84 ہزار، 577 روپے، کانٹیجنسی کی مد میں 6 کروڑ، 7 لاکھ ، 50 ہزار روپے، قدرتی آفات اور ضروری اخراجات کی مد میں 30 لاکھ روپے، ضلع کونسل کے بی ٹائپ بنگلوں کی تعمیر و مرمت کی مد میں 40 لاکھ روپے، کینجھر جھیل پر ضلع کونسل کے ریسٹ ہاؤس کی تعمیر کی مد میں 87 لاکھ روپے، ضلع کونسل کی پراپرٹی کی چاردیواری کی تعمیر و مرمت کی مد میں 25 لاکھ روپے، سال 2016-17 کی اسکیموں کی مد میں 2 کروڑ، 55 لاکھ، 78 ہزار روپے، سال 2016-17 کی اسکیموں کی مد میں 13 کروڑ، 5 لاکھ روپے، ضلع کونسل کی آفیس اور ہال کی مرمت کی مد میں 1 کروڑ، 64 لاکھ، 45 ہزار روپے جبکہ سال 2018-19 کی نئی اسکیموں (بلاک الوکیشن) کے اخراجات کی مد میں 13 کروڑ روپے مختص ک‏ے گئے ہیں۔ جس سے ٹوٹل سالانہ اخراجات کا تخمینہ 47 کروڑ 80 لاکھ 46 ہزار 327 روپے ہے۔ اس موقع پر ضلع کونسل کے ممبران کی جانب سے جھمپیر ونڈ مل گارجیس کمپنی سے 132 مقامی ملازمین کو جبری برطرف کرنے پر مذمتی کرارداد پیش کی گئی اور برطرف ملازمین کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل غلام قادر پلیجو نے کہا کہ ضلع میں قائم تمام ونڈ ملز کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ کے مقامی لوگوں کو نہ روزگار فراہم کر رہی ہیں اور نہ ہی ضلع کے عوام کو بجلی فراہم کی جاتی ہے یہاں تک کہ اسی ضلع سے پیسے کمانے والی یہ ونڈ ملز ضلع کو ترقیاتی فنڈز بھی مہیا نہیں کرتیں۔ آخر میں چیئرمن ضلع کونسل غلام قادر پلیجو نے 14- اگست جشن آزادی منانے کیلئے ضلع کونسل میں قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا۔