تحریک انصاف کا ملک بھر میں میڈیکل اصلاحات ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ

 
0
309

پشاور اگست 16(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز اصلاحات (ایم ٹی آئی) ایکٹ 2015 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ ایکٹ سب سے پہلے صوبہ خیبر پختونخواہ میں سنہ 2015 میں نافذ کیا گیا تھا جسے اب ملک بھر خصوصاً پنجاب میں نافذ کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

تحریک انصاف کا پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کاؤنسل (پی ایم ڈی سی) اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) میں تبدیلیاں لانے کا بھی ارادہ ہے جبکہ قومی صحت پالیسی پیش کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے کزن ڈاکٹر نوشیرواں بخاری کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو امریکا میں ماہر طب سمجھے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر نوشیرواں نے ہی ایم ٹی آئی ایکٹ 2015 تشکیل دینے پر کام کیا تھا۔گو کہ تحریک انصاف کے اس اقدام کی مختلف ڈاکٹرز تنظیموں کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں پختونخواہ میں صحت کی سہولیات میں خاصی بہتری آئی ہے۔ڈاکٹر نوشیرواں بخاری عمران خان کے بطور وزیر اعظم حلف اٹھانے کے بعد پاکستان آئیں گے اور ان کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم کی جائے گی جو ملک میں طبی اصلاحات کے لیے کام کرے گی۔