امید ہے کہ  پہلے 100 دن کے پروگرام کے مطابق لاکھوں لڑکیوں کو مفت اور بہترین تعلیم فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے: ملالہ یوسف زئی کی عمران خان کو مبارکباد اور امید  کا اظہار

 
0
331

لاہور ، اگست  18(ٹی این ایس): ملالہ یوسف زئی نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عمران خان حکومت کے پہلے 100 دن کے پروگرام کے مطابق لاکھوں لڑکیوں کو مفت اور بہترین تعلیم فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے اور اس حوالے سے سیکیورٹی معاملات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ملایہ یوسف زئی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ” نو منتخب وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات میں جیت پر بہت مبارک ہو۔ عمران خان کی پاکستان کو خوشحال اور پرامن بنانے، اور بچوں کی تعلیم سے متعلق ان کی خواہش سے میں بہت پرامید ہوں۔

پی ٹی آئی کے پہلے 100 دن کے منصوبے میں تعلیم پر توجہ کے حوالے سے امید کرتی ہوں کہ عمران خان وفاقی، صوبائی اور قانون ساز حکومتوں اور سول سوسائٹی کی مدد سے 1 کروڑ 30 لاکھ پاکستانی لڑکیوں کیلئے محفوظ، مفت اور بہترین تعلیم کا بندوبست کریں گے۔

مجھے امید ہے کہ پاکستان ایک دن تعلیم کے میدان میں سب سے آگے ہو گا، جہاں تمام بچوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل اور ملک و قوم کی بہتری میں کردار ادا کرنے کیلئے تعلیم میسر ہو گی۔ میرا یقین ہے کہ یہ سب کچھ اس حکومت کیساتھ شروع کیا جا سکتا ہے اور میں اس نیک مقصد کیلئے عمران خان کیساتھ مل کر کام کرنے کی امید کرتی ہوں۔“