عماد وسیم کے لیے ایشیا کپ میں کھلانے کا گرین سگنل،کیریبین پریمیئر لیگ میں اپنا معاہدہ مختصر کر کے فوری وطن واپسی کی ہدایت کردی گئی

 
0
562

لاہور،اگست 26 (ٹی این ایس): قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کو ایشیاءکپ کے لیے گرین سگنل مل گیا جن کو کیریبین پریمیئر لیگ میں اپنا معاہدہ مختصر کر کے فوری وطن واپسی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق ایشیاءکپ سے قبل قومی کرکٹرز کو 29 اگست کو فٹنس ٹیسٹ کے عمل سے گزارا جائے گا اور عماد وسیم کی ایشیائی ایونٹ میں شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہو گی۔

ذرائع کے مطابق لیگ سپنر یاسر شاہ کو قومی ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے اور اگر عماد وسیم فٹنس ثابت کر کے پاکستان ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہو گئے تو پھر آل راﺅنڈر محمد نواز کو بھی ایشیاءکپ میں شرکت کا موقع نہیں مل سکے گا۔واضح رہے کہ کیریبین پریمیئر لیگ شروع ہونے سے قبل عماد وسیم خود کو مکمل فٹ قرار دے چکے تھے جن کا کہنا تھا کہ وہ قومی ٹیم کیلئے دستیاب ہیں۔

انہیں پاکستان سپر لیگ ((پی ایس ایل ) کے تیسرے ایڈیشن کے دوران کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے سر کی انجری کے سبب قومی ٹیم سے باہر ہونا پڑا تھا لیکن انہیں اب ٹریننگ کیمپ میں شامل کر کے فٹنس کے امتحان سے گزارا جائے گا۔29سالہ عماد وسیم اب تک30ون ڈے اور25ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے چیف انضمام الحق آئندہ ہفتے تین ستمبر سے شروع ہونے والے کیمپ کے لیے منتخب پلیئرز کے ناموں کا اعلان کردیں گے جس سے پہلے قومی کھلاڑیوں کو ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقے میں فٹنس ڈرلز کا موقع ملے گا۔

ذرائع کے مطابق ایشیاءکپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم کنڈیشنز سے آگاہی کے لیے چار روز قبل متحدہ عرب امارات پہنچ جائے گی تاکہ اسے ماحول سے ہم آہنگی کا بھرپور موقع مل جائے۔