وزیر اعلیٰ سندھ کا تھر میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے کا حکم

 
0
286

کراچی اگست 28(ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھر کے دیہاتوں میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے اور غیر فعال آر او پلانٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ کے قحط زدہ علاقوں میں ریلیف کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر میں 443 آر او پلانٹس فعال، 147 غیر فعال ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تھر میں غیر فعال آر او پلانٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ تھر میں پانی کی فراہمی کے 81 اسکیمیں ہیں جن میں 43 فعال ہیں۔ باقی اسکیمیں برقی و دیگر مسائل کے باعث بند پڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ایس ایم بی آر کو تھر کے دیہاتوں میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ پانی فراہمی کے لیے اینگرو کول مائننگ کمپنی سے مدد چاہیئے تو طلب کریں۔ تھر کے عوام و دیگر قحط زدہ علاقوں میں عوام کی بھرپور مدد کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قحط زدہ علاقوں میں جانوروں کے چارے کا بھی بندوبست کیا جائے۔