صرف پی ٹی آئی کا نہیں پورے پاکستان کا صدر ہوں، عارف علوی

 
0
414

پاکستان کی بہتری کے لیے ہر کام کروں گا، نومنتخب صدر

اسلام آباد ستمبر 4(ٹی این ایس):نو منتخب صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ میں صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پوری قوم کا صدر ہوں۔صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ میں عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس بڑی ذمہ داری کے لیے مجھے منتخب کیا، صدر بننے میں میرا کوئی کمال نہیں بلکہ صدارت کا سہرا میرے ساتھی اور کارکنان کے سر ہے جو طویل عرصے سے جدوجہد کررہے تھے۔
نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ میرا سیاسی جدوجہد کا طویل سفر ہے، ماضی میں تحریک انصاف کی جانب سے جدوجہد کرتا رہا ہوں لیکن آج سے میں سارے پاکستان ، پوری قوم اور تمام جماعتوں کا صدر بننے کی کوشش کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: عارف علوی صدر پاکستان منتخبعارف علوی نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ پانچ سال میں غریب کی قسمت بدلے، تن پر کپڑا اور سر پر چھت ہو، ہر آدمی کو دہلیز پر انصاف ملے، بیماروں کا مناسب علاج ہو اور جو بچے اسکول سے باہر ہیں انہیں تعلیم ملے۔ایک سوال کے جواب میں نومنتخب صدر نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں حزب اختلاف کی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا، صدر کی حیثیت سے جائز سیکورٹی لوں گا لیکن پروٹوکول کم لوں گا۔