وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خصوصی خراج تحسین پیش : یوم دفاع کے موقع پر راولپنڈی میں واقع پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب سے خطاب
راولپنڈی، ستمبر 06(ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کا یوم دفاع کی تقریب سے خصوصی خطاب، میرا قوم سے وعدہ ہے کہ پاکستان کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں دنیا میں کسی بھی فوج نے اس طرح کی کامیابیاں حاصل نہیں کیں، سول ملٹری تعلقات کا کوئی مسئلہ نہیں، ہمیں اپنے اداروں کومضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج 6 ستمبر بروز جمعرات کے روز 1965 کی جنگ کی یاد میں یوم دفاع پاکستان بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی میں واقع پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،دیگر اعلی عسکری قیادت، معروف سماجی شخصیات، سیاستدان اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔
اس موقع پر وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران آرمی چیف نے بھی خطاب کیا۔ آرمی چیف کے خطاب کے بعد تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا قوم سے وعدہ ہے کہ پاکستان کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا اور ہماری خارجہ پالیسی بھی پاکستان کی بہتری کے لیے ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شرکت کے خلاف تھا لیکن جس طرح سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں دنیا میں کسی بھی فوج نے اس طرح کی کامیابیاں حاصل نہیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت ایک ادارہ ہے جو کام کر رہا ہے، فوج ایسا ادارہ ہے جہاں میرٹ کا نظام ہے، ہمیں اپنے ادارے مضبوط کرنے ہیں کیونکہ سیاسی مداخلت سے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا لیکن آج قوم مسائل میں گھری ہوئی ہے اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اٹھے گا اور ایک عظیم قوم بنے گی، عظیم قوم اس وقت بنے گی جب ایک چھابڑی والا، ایک مزدور، ایک سپاہی اور سب یہ سمجھیں گے کہ میں تو محنت کر رہا ہوں لیکن میرا بچہ جب سرکاری اسکول سے نکلے گا تو وہ ڈاکٹر اور انجینئر بھی بن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کمزور طبقہ یہ سمجھے گا کہ انہیں انصاف ملے گا تو قوم اوپر اٹھے گی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم سب کا ایک ہی مشترکہ مقصد ہے کہ مل کر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی قوم متحد ہوتی ہے تو اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہے، میرا جینا مرنا اس ملک کے لیے ہے، یہ ملک اوپر جائے گا تو میں اوپر جاؤں گا اور یہ ملک نیچے جائے گا تو میں بھی نیچے جاؤں گا۔ عمران خان نے قوم کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے انبیاء کے بعد سب سے زیادہ نعمتیں اور درجہ شہیدوں کو دیا ہے۔