راولپنڈی، ستمبر 09 (ٹی این ایس): چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی اور اس دوران باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا اور خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے کا بھی عزم کیا گیا۔
آرمی چیف نے چینی وزیر خارجہ کے دورے اورپاکستان کی مسلسل حمایت پر چین کاشکریہ ادا کیا ۔
چینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھرپورحمایت کی ۔انھوں نےپاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی،چینی وزیرخارجہ نےسی پیک پراجیکٹس کودی جانیوالی سیکیورٹی کی تعریف بھی کی،چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھتا ہے،خطے میں قیام امن کے لیے پاک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں،پاک چین تعلقات کی بنیاد باہمی احترام پر مبنی ہے،دنیا امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے۔
اس سے قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمرا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکومتی عہدیداران سے ملاقاتیں کی جبکہ چینی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔












