سی پیک ، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیوومیگا پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کی بدولت نہ صرف اس خطے میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر اقتصادی روابط کو تقویت ملے گی‘سردار مسعود خان
کراچی ستمبر 9(ٹی این ایس) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے سٹیٹ بنک آف پاکستان کی اعلیٰ قیادت اور اہم عہدیداران کو چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور اس خطے کی اقتصادی ترقی میں سی پیک کا کلیدی کردار رہے گا۔ جس کی وجہ پاکستان کو مزید اقتصادی استحکام حاصل ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ کی خصوصی دعوت پر سٹیٹ بنک کراچی گئے۔
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ۔ صدر آزادجموں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ملکی فی کس آمدنی اور قوت خرید میں اضافہ ہو گا۔ معاشی سرگرمیوں کے علاوہ دونوں ممالک میں سماجی شعبوں میں تعلقات بھی مزید بڑھیں گے۔
صدر ریاست نے کہاکہ آزادکشمیر سی پیک کا باقاعدہ حصہ بن چکا ہے جس کے تحت آزادکشمیر میں مانسہرہ تا میر پور ایکسپریس وے کی تعمیر، میرپور میں صنعتی زون کا قیام اور دو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر کام مختلف مراحل میں ہے۔ انہوں نے علاقائی اور ملکی منظر نامے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیوومیگا پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کی بدولت نہ صرف اس خطے میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر اقتصادی روابط کو تقویت ملے گی اور مجموعی طور پر کروڑوں لوگوں کو باالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر اس میگا پراجیکٹ سے فائدہ ہو گا۔ قبل ازیں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان طارق باجوہ کے ساتھ ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔