پروزیراعظم کی  چیئرمین واپڈا کو دیامیربھاشا اورمہمند ڈیمزکی جلد تعمیر شروع کرنے کی ہدایت

 
0
301

ہمیں پاکستان کو درپیش پانی کا بحران دورکرنے کی ضرورت ہے۔ میں خود ڈیمز کے منصوبوں کی نگرانی کرسکتا ہوں: ملاقات

اسلام آباد، ستمبر 11(ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کوبجلی اورپانی کے منصوبوں پربریفنگ دی۔ ملاقات میں بجلی کی طلب ورسد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے چیئرمین واپڈا پر زور دیا ہے کہ دیامیربھاشا اورمہمند ڈیمزکی جلد تعمیر شروع کی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو درپیش پانی کا بحران دورکرنے کی ضرورت ہے۔ میں خود ڈیمز کے منصوبوں کی نگرانی کرسکتا ہوں۔ دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو بڑے ڈیموں سمیت صرف 185 ڈیمز ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت میں 5 ہزار اور چین میں 85 ہزار ڈیمز ہیں۔

چین میں 4 ہزار بڑے ڈیمز بھی ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک بھر میں50 لاکھ گھروں کی تعمیرسے متعلق جائزہ کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ نے وزیراعظم کوگھروں کی سالانہ ضرورت اورہاؤسنگ سیکٹر میں قلت پربریفنگ دی۔ سیکرٹری کی جانب سے نجی شعبے کو50 لاکھ گھرمنصوبے میں شامل کرنے کے قانونی طریقہ کاراورمضمرات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نےکمیٹی کو حتمی سفارشات آئندہ دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ بذات خود اس پروگرام کی اونر شپ لیں گے۔ اس موقع پروزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسا منصوبہ بنائیں کہ50 لاکھ گھرعام آدمی کی ہرضرورت پوری کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے گھر افراد کو گھردینے کے وعدے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔50 لاکھ گھرمنصوبے سے لاکھوں بے روز گار افراد کو نوکریاں میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم سے ہاوسنگ سیکٹر سے منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔