13 سالہ مشرف زبیر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی طرف سے علاج کے وعدوں کا انتظار کر تے کرتے رخصت ہو گیا

 
0
370

پیچیدہ بیماری میں مبتلا مشرف کو چیف جسٹس کی جانب سے علاج کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی

حویلی لکھا ستمبر 14 (ٹی این ایس) :13 سالہ مشرف زبیر چیف جسٹس اور آرمی چیف کےعلاج کے وعدوں کا انتظار کر تے کرتے دنیا ست چل بسا۔ پیچیدہ بیماری میں مبتلا مشرف کو چیف جسٹس کی جانب سے علاج کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق حویلی لکھا کے ٹیچر زبیر کا 13 سالہ بیٹا مشرف زبیرفیلمی لئیل ہائپرکولسٹرول لیمیا نامی پیچیدہ بیماری میں مبتلا تھا۔یہ بیماری کروموسوم میں خرابی کی وجہ سے جنم لیتی ہے جس کے باعث خون لیپو پروٹین کو خون سے نکال نہیں پاتا اور اس کے نتیجے میں انسانی جسم میں کولیسٹرول کی مقدار خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہے۔
مشرف کے والد زبیر نے اپنے بیٹے کے علاج معالجے کے لیے ایک عرصہ جدوجہد کی ،انہوں نے میڈیا سے بھی مدد مانگی تاہم بڑی مشکل سے اسکی شنوائی اور معاملہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے نوٹس میں آیا۔میڈیا کے توسل سے یہ معاملہ آرمی چیف کے نوٹس میں بھی آیا۔دونوں مقتدر شخصیات کی جانب سے علاج کا وعدہ بھی کیا گیا مگر پھر اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہ ہو سکی۔مشرف کی بیماری کا علاج پاکستان میں نہ ہونے کے باعث اسکی حالت دن بدن گرتی چلی گئی اور آخرکار 13 سالہ مشرف زبیر دوسروں کے لیے ہمت کی مثال بننے کی خواہش دل میں لے کر ہمیشہ کی نیند سو گیا۔اس موقع پر جہاں والدین غم سے نڈھال تھے تو وہیں ہر ایک کی آنکھ اشکبار تھی۔