ریاض: غذائی اشیاء پر کیلوریز ،کی مقدار درج کرنا لازمی قرار وزارت بلدیات کے انسپکٹرز فوڈ پوائنٹس پر چھاپے ماریں گے

 
0
545

ریاض جنوری 01 (ٹی این ایس): سعودی حکومت نے کھانے پینے کی اشیاء تیار اور فروخت کرنے والوں اداروں پر کچھ عرصہ قبل یہ پابندی عائد کی تھی کہ وہ تیار کردہ خوراک کے پیکٹ یا ڈبے پر اُس میں موجود کیلوریز کی مقدار ضرور درج کریں ، ورنہ اُن پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور فوڈ پوائنٹ کی بندش بھی کی جا سکتی ہے۔ اس پابندی پر عمل درآمد کرنے کی خاطر خوراک ساز اداروں کو 31 دسمبر 2018ء تک کی مہلت دی گئی تھی۔جو گزشتہ رات 12 بجے نئے سال کا آغاز ہوتے ہی ختم ہو گئی۔سعودی ڈرگ اینڈ فوڈ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ آج کے دِن سے تمام فوڈ پوائنٹس پر اس پابندی کی نگرانی کی جائے گی۔ اتھارٹی کے انسپکٹرز مُلک بھر میں موجود ریستورانوں، آئس کریم کی دُکانوں، فریش جوس والی دُکانوں، سویٹس شاپس، بیکریوں، کیفے ٹیریاز اور قہوہ خانوں پر جا کر چیک کریں گے کہ یہاں بیچی جانے والی اشیاء پر کیلوریز کی مقدار ظاہر کی گئی ہے یا نہیں۔اس پابندی کا اطلاق سمارٹ فون ایپلی کیشنز والے ریسٹورنٹس کی ویب سائٹس اور کار کے ذریعے خوراک فراہم کرنے والے اداروں پر بھی ہو گا۔اس حوالے سے وزارت کا کہنا ہے کہ ہر خوراک پر یہ تحریر کیا جانا ضروری ہے کہ مرد، خواتین اور بچے کو روزانہ کتنی کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہیں، اور ان کی جانب سے فراہم کردہ خوراک میں کتنی کیلوریز موجود ہیں۔ تاکہ لوگ کھاتے پیتے وقت احتیاط سے کام لیں۔ وزارت کی جانب سے اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے کیلوریز کے حوالے سے معیارات وضع کیے۔