حکمران رعونت کا لہجہ اختیار نہ کریں ، خدا نہ بنیں ،ظلم پھر ظلم ہے جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ‘(ن) لیگ

 
0
579

لاہور جنوری 03 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ حکمران رعونت کا لہجہ اختیار نہ کریں ، خدا نہ بنیں ،ظلم پھر ظلم ہے جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ،حکومت کی معاشی پالیسیاں سمجھ سے بالا تر ہیں ،چلتی معیشت کو خراب کر دیا گیا ہے ،بطور وزیر خزانہ اسد عمر ناکام ثابت ہوئے ہیں ، نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہے ابھی تک فیصلوں میں یہ چیز سامنے نہیں آئی کہ انہوں نے کک بیک لی ہو ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنمائوں محمد زبیر، انجینئر خرم دستگیر اور سائرہ افضل تارڑ نے پارٹی قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ محمد زبیر نے کہا کہ راولپنڈی جیل میں بھی نواز شریف سے صرف جمعرات کو ملنے کی اجازت تھی ،ہمارا اس وقت بھی مطالبہ تھا کہ ہفتے میں دو دن ہونے چاہئیں۔نواز شریف حوصلے سے جیل میں ہیں ۔فیصلے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر دائر کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا ایسا عمل ہو جو سب کو ہوتا ہوا نظر آئے ۔حکومت شفافیت کے دعوے کرتی ہے تو یہ نظر بھی آنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بغیر کسی قانون و ضابطے کی172 لوگوں کو ای سی ایل میں ڈال دیا ،پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ اسمبلی میں اکثریت ہے ،سندھ میں گورنر راج کی باتیں کرنا بچگانا عمل ہے ، پی ٹی آئی کی سندھ کی قیادت میں سیاسی میچورٹی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح سود 10 فیصد تک پہنچ گیا،ترقی کی شرح کم ترین سطح ہر آگئی ہے ،ملک کا وزیر خزانہ درست لگایا لیکن لیڈنگ رول اہم ہے ،اسد عمر کی بھی کارکردگی اچھی نہیں رہی ،حکومت کی اس وقت ترجیحات سعودی عرب اور چین سے پیسہ آنے پر ہے ،ہم سوچتے تھے کہ ترقی کی رفتار تیز ہوگئی لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر کی کمپنی کو ٹھیکہ ملنا مفادات کا ٹکرائو ہے ،عمران خان کو وہی معیار رکھنا چاہیے تھاجو ہمارے لیے تھا ،ڈیم کا ٹھیکہ بیس سال کیلئے دیا جارہا ہے ،اللہ نہ کرے پی ٹی آئی کی حکومت بیس سال تک رہے ۔انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی پچاس لاکھ گھر تو دور کی بات دو لاکھ گھر نہیں بنا سکتی،آپ نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کڑوڑ نوکریاں دیں گے لیکن آج ترقی کی شرح 4 فیصد پر ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ ملک میں روزگار کی بجائے بیروزگاری بڑھ رہی ہے ،حکومت کی جانب سے صرف پاکستانی عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چلتی ہوئی معیشت کو خراب کردیا ہے، سرمایہ کار خوفزدہ ہے ،آپ کہہ رہے ہیں سرمایہ کاری آرہی ہے لیکن وہ نظر نہیں آرہی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف جے آئی ٹی میں سب ثابت ہوا، ہمارے خلاف کچھ نہیں بتایا گیا کہ کرپشن کیسے ہوئی۔انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ حکمران رعونت کا لہجہ اختیار نہ کریں ، خدا نہ بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ خلاف قانون کچھ کیا گیا تو اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا جبکہ موجودہ حکمران ملک کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل رہے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت اپنے دعوئوں اور وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور عوام میں ایکسپوز ہو گئی ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ جو مرضی کر لیں نوازشریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا ۔ حکمران سمجھ لیں ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران معیشت کی ترقی کی بات کرتے ہیں لیکن عوام کی حالت بدترہو رہی ہے، کوئی شعبہ ایسا نہیں جس سے وابستہ لوگ چیخیں نہ مار رہے ہوں ۔