گرین لائن بس منصوبہ بہت جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا ، وفاقی حکومت گرین لائن منصوبہ کے لئے بسوں کی فراہمی کیلئے تیار ہے، گورنرسندھ

 
0
339

کراچی جنوری 08 (ٹی این ایس): گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ زیر تعمیر گرین لائن بس منصوبہ بہت جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ سے عوام کو سستی، آرام دہ اور اچھی سفری سہولت میسر آئے گی جس سے شہر میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا، منصوبہ سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی یقینی ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی فنڈ سے زیر تعمیر گرین لائن بس منصوبہ کے دورے کے دوران کیا۔گورنر سندھ نے نمائش کے قریب گرین لائن منصوبہ کے زیر تعمیر حصہ کا جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام نے پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے، وفاقی حکومت نے منصوبے کے پہلے مرحلے کا کام طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیا ہے، منصوبے کو عوام کے لئے جلد شروع کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت بسوں کا انتظام بھی کرنے کو تیار ہے اور اس ضمن میں سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شہر میں بھرپور سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، شہر کی ضروریات کے مطابق بھرپو ر اقدامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے، ملک کے معاشی حب میںمعاشی و سماجی سرگرمیوں کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سفری منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔