وزیراعظم سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے ٗ سینیٹر چوہدری تنویر

 
0
1182

اسلام آبادجولائی17 (ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے ٗپاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے ٗ توانائی کا بحران 2018ء میں مکمل طور پر ختم ہو جائے گا ٗچوہدری نثار علی خان پارٹی اجلاسوں میں مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے ٗ وزیر داخلہ پارٹی کو نہیں چھوڑینگے ۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اقتدار عوام نے دیا، کسی سے بھیگ مانگ کر نہیں لیا اور نواز شریف کو حکومت کرنے کا مینڈیٹ 22 کروڑ عوام نے دیا ہے جبکہ بہت سے لوگوں کی خواہش ہے کہ وزیراعظم بنیں لیکن کسی کے کندھوں پر بیٹھ کر وہ وزیراعظم نہیں بن سکتے، بدقسمتی سے جب ملک ترقی کی منازل طے کرنا شروع کرتا ہے تو سازشیں ملک کے خلاف شروع ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے توانائی کے بحران کے حل کیلئے بہت سے منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن میں سے کچھ مکمل ہو گئے ہیں اور کچھ رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے اور توانائی کا بحران 2018ء میں مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جب حکومت سنبھالی تو ملک دہشت گردی میں گھرا ہوا تھا جبکہ سرمایہ کاری ملک میں سرمایہ کاری کیلئے نہیں آ رہے تھے، آج اﷲ کے فضل سے دہشت گردی کا 90 فیصد خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ آج ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے باہر سے آ رہے ہیں اور اپنا سرمایہ ملک میں لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور خیبر سے کراچی تک جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جبکہ ہم نے شروع دن سے کہا تھا کہ جے آئی ٹی میں کچھ متنازعہ لوگ بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ بحالی کی تحریک کیلئے قائدین کی ہدایت پر سب سے پہلے سڑکوں پر میں نکلا تھا اور تحریک بحالی کیلئے ہم نے دن رات کوششیں کیں اور عدلیہ کو بحال کرایا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ پارٹی کو نہیں چھوڑیں گے، وہ پارٹی کے اجلاسوں میں مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے