قومی اسمبلی: آصف زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات ،اجلاس کی کارروائی رک گئی، اراکین اسمبلی حیرت سے دیکھتے رہے

 
0
365

اسلام آباد جنوری 14 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات کے دوران اجلاس کی کارروائی رک گئی اور اراکین اسمبلی ان کو حیرت سے دیکھتے رہے۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جب سابق صدر و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اجلاس میں پہنچے تو ان کا ڈسک بجا کر استقبال کیا گیا جب وہ اپنی نشست پر پہنچے تو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ان کے پاس گئے اور مصافحہ کیا اور گفتگو کی اس دوران اسمبلی کی کارروائی رک گئی اور تمام اراکین شہباز شریف اور آصف علی زرداری کو حیرت سے دیکھتے رہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی کارروائی کو آگے چلانے کی کوشش کرتے رہے، شہباز شریف سے ملاقات کے بعد آصف علی زرداری سے رانا تنویر نے ہاتھ ملایا تو سابق صدر ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ان سے گفتگو کرتے رہے اور شہباز شریف واپس اپنی نشست پر آگئے، رانا تنویر سے گفتگو کے بعد آصف علی زرداری اپنی نشست پر بیٹھ گئے اور پھر پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی آکر ان سے ملتے رہے اس کے بعد سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق آصف علی زرداری کے پاس بیٹھ کر ان سے گفتگو کرتے رہے اس دوران شہباز شریف ایوان میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ پر گفتگو کرتے رہے۔