وزیر اعلی پنجاب کی چین کے نئے روایتی سال کی آمدپر چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو مبارکباد

 
0
366

چین نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایاہے، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے‘عثمان بزدار

لاہور فروری 05 (ٹی این ایس): وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے چین کے نئے روایتی سال کی آمدپر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو مبارکباد دی ہے ۔وزیر اعلی نے پاکستان میں چین کے سفیر یا جنگ، مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرزاور ورکرز کو بھی نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن سے دوررہ کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے والے چینی انجینئرز اور ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہے،ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور رواداری کو فروغ ملتا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت، کرپشن، بے روزگاری اور ناانصافی کے خلاف اخلاص کے ساتھ جدوجہد کی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی ترقی کے چینی ماڈل سے سیکھ کر آگے بڑھ رہی ہے،چینی قیادت کی شبانہ روز محنت کی بدولت چین دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے،چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایاہے، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں، پاکستان میں چین کے تعاون سے ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔