پاک بحریہ اور سری لنکا کی باہمی مشق’’ لائن سٹار‘‘ کا انعقاد

 
0
582

کراچی فروری 15 (ٹی این ایس): پاک بحریہ نے 8 تا 12 فروری 2019کراچی میں کثیر الملکی بحری مشق ’’ امن2019‘‘ کا انعقاد کیا۔ سری لنکا امن مشقوں میں باقائدگی کے ساتھ شرکت کرنے والا ملک ہے۔کثیر الملکی میری ٹائم مشق’’ امن2019‘‘ میں سری لنکا نیوی کے جہاز سیورالا (SAYURALA) نے شرکت کی۔ مشق کے اختتام پر سری لنکن نیوی کے جہاز نے پاک بحریہ کے جہازوں کے ساتھ باہمی مشق لائن اسٹار (Lion Star) میں بھی حصہ لیا۔کراچی میں منعقد ہ مشق کے ہاربر فیز کے دوران دونوں بحری افواج کے آفیسرز و جوانوں نے مختلف سر گرمیوں میں حصہ لے کر استفادہ حاصل کیا۔ ان سر گرمیوں میں بحری آپریشنز کے مختلف پہلوئوں ، میری ٹائم سکیورٹی اور باہمی اشتراک کے دیگر شعبے پر مبا حثے شامل تھے ۔مزید براں، دورہ کرنے والے جہازوں کے اعزاز میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف پر ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا ۔مابعد، سری لنکن نیوی کے جہازوں سیورالا اور پاک بحریہ کے جہاز خیبر نے سمندری سر گرمیوں میں حصہ لیا جن میں جہاز کی جنگی حربی مہارتیں اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کی مشقیں شامل تھیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط اور گہرے تعلقات قائم ہیں ۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تاریخی روابط ہیں ،سینئر آفیسرز کے باقائدہ دورے، تربیتی اشتراک اور مختلف مشقوں میں شراکت اِن روابط کے اہم پہلو ہیں ۔ سری لنکن نیوی کے جہاز کا دورئہ پاکستان اور باہمی مشق لائن اسٹار میں اس کی شرکت دونوں ممالک کی بحری افواج کے باہمی اشتراک اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہو گی۔