غربت کا خاتمہ، تحفظ خوراک، روزگار کیلئے سگنیچر پروگرام شروع کررہے ہیں ،وزیراعلیٰ سندھ

 
0
445

, سندھ حکومت نے عوام کی سماجی ترقی پر پختہ یقین رکھتے ہوئے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی حمایت کی ہے،مراد علی شاہ کا اجلاس سے خطاب

کراچی مارچ 07 (ٹی این ایس): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنے انتخابی منشور پر عمل پیرا ہوکر ایک سگنیچر پروگرام شروع کرنے جارہی ہے،جس میں غربت کا خاتمہ، تحفظ خوراک، روزگار کے مواقع و دیگر متعدد پروگرامز ہوںگے۔ سندھ حکومت نے عوام کی سماجی ترقی پر پختہ یقین رکھتے ہوئے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کووزیراعلی ہائوس میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا پیچوہو، اسماعیل راہو،مرتضی بلوچ،شہلا رضا، وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن مرتضی وہاب و متعلقہ سیکرٹریزنے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف سماجی شعبوں کے منصوبے شروع کرنے پر غور کیا گیا جس میں بھوک مٹائو پروگرام، فیملی ہیلتھ پروگرام، میٹرنل چائلڈ سپورٹ پروگرام، پیپلز پاورٹی ریڈکشن پروگرام، بے نظیر کسان پروگرام، بے نظیر وومین ایگریکلچر ورکرز پروگرام و انٹرشپ گارنٹی پروگرام شامل ہوںگے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سماجی منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انتخابی منشور کے مطابق ہوںگے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ منشور پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ بھوک مٹائو پروگرام فوڈ سیکیورٹی، غذائی اور زرعی بنیاد پر ہوگا جس کو دیہی اور شہری علاقوں میں شروع کیا جائے گا جبکہ فیملی ہیلتھ پروگرام صحت کی خدمات کو نظر میں رکھ شروع کیا جائیگا۔مزید بتایا کہ مجوزہ منصوبے کا میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ سپورٹ پروگرام، ہیلتھ فیملی پلاننگ و چائلڈ ڈیولپمنٹ پر ہوگا جبکہ بے نظیر کسان پروگرام صرف ہاریوں کے لیے اوربے نظیر وومین ایگریکلچر ورکرز پروگرام صرف خواتین کیلے مختص ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو ہر ایک پروگرام سے متعلق حارث گزدر نے تفیصلاً بتایا کہ کون کون سا پروگرام کس معاشرے کے طبقے کیلیے مفید ثابت ہوگا اور منصوبہ پر عملدرآمد کس طرح سے ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت صوبے کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے حارث گزدر کو اپنا کوآرڈی نیٹر برائے سماجی تحفظ تعینات کردیا تھا جوکہ اعلی تعلیم یافتہ اور سماجی شعبے میں کافی کام کرچکے ہیں۔حارث گزدر کو وزیراعلی سندھ کا کورآڈی نیٹر مقرر کرنے کا باضابطہ طور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔