سپریم کورٹ نے نواز شریف کی درخواستِ ضمانت پر جلد سماعت کی منظوری دے دی

 
0
619

چیف جسٹس آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواستِ ضمانت آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی

اسلام آباد مارچ 13 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواستِ ضمانت آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے نواز شریف کی درخواستِ ضمانت پر جلد سماعت کی منظوری دے دی ہے۔سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ نواز شریف کی درخواست پر آئندہ ہفتے سماعت کرے گا۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے درخواست پر جلد سماعت کے لیے دو بار درخواست دائر کی تھی۔واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ضمانت کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی نئی درخواست دائر کی تھی۔پیر کو دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ کیس کو جلد سماعت کرنے کیلئے پہلے بھی درخواست دائر کی گئی تھی۔ موقف اختیار کیا گیا کہ پہلی درخواست میں 6 مارچ کو ضمانت کیس مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ موقف اختیار کیاگیاکہ عدالت پہلے میری 6 مارچ کو کیس مقرر کرنے کی استدعا مسترد کر چکی ہے۔نوازشریف کی صحت پہلے سے خراب ہو چکی ہے،استدعا ہے کہ کیس کو رواں ہفتے ہی سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔اس سے قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے عدالت عظمیٰ سے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی دی گئی 7 برس قید کی سزا ختم کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست پر جلدکاروائی کی استدعا مسترد کی گئی تھی۔خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 25 فروری کو ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا کہ نواز شریف کی کسی میڈیکل رپورٹ سے یہ بات ظاہر نہیں ہوتا کہ ان کی خراب صحت ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے‘اس کے ساتھ اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ جب بھی انہیں خراب صحت کی شکایت ہوئی انہیں وقتاً فوقتاً علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا. عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کی مرتب کردہ رپورٹس سے یہ بات واضح ہوتی ہیں کہ درخواست گزار کو وہ تمام بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی گئیں جو پاکستان میں کسی بھی فرد کو حاصل ہیں.