ایف بی آر: بے نامی اکاؤنٹس، مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

 
0
396

مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف آپریشن لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا،وزیراعظم ایمنسٹی اسکیم لانے پر بھی غور کررہے ہیں۔ ذرائع ایف بی آر

اسلام آباد مارچ 28 (ٹی این ایس): ایف بی آر نے ملک بھر میں مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے،بے نامی اکاؤنٹس یا مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف آپریشن لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا،وزیراعظم ایمنسٹی اسکیم لانے پر بھی غور کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بے نامی اکاؤنٹس یا مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف یکم اپریل سے آپریشن ہوگا۔آپریشن لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ایمنسٹی اسکیم پر غور کررہے ہیں لیکن ابھی تک ایف بی آر کو ہدایات نہیں ملیں۔دوسری جانب ممبران لینڈ ریونیو پالیسی کا کہنا ہے کہ رواں سال محصولات کا ہدف 4396ارب تھا۔فروری تک 2566ارب محصولات کا ہدف تھا۔محصولات میں 236ارب کا شارٹ فال ہے۔حامد عتیق سرور نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں ٹیکس کی کمی سے75ارب کا شارٹ فال آیا۔35ارب پرسنل انکم ٹیکس کی وجہ سے شارٹ فال آیا۔موبائل کارڈز پرودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ سے 35ارب کی کمی ہوئی۔امپورٹ ڈیوٹی پر چھوٹ سے 20ارب کمی ہوئی۔ مزید برآں رواں مالی سال 2018-19کے پہلے آٹھ ماہ میں جولائی تا فروری کے دوران برآمدات پر ٹیکس وصولیوں کی شرح میں 19فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری 2018-19کے دوران برآمدات پر 21ارب روپے کے ٹیکسز وصول کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 17.6 ارب روپے کے ٹیکس وصول ہوئے تھے اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران برآمدات پر ٹیکس وصولیوں میں 3.4 ارب روپے یعنی 19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے واضح رہے کہ اس دوران مالی سال میں ملکی برآمدات میں 1.85 فیصد کے اضافہ سے برآمدات 15.11 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران 14.85 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔