نیب کا ملزمان کو ہتھکڑیاں لگانا غیرشرعی عمل قرار، نیب ملزمان کو ہتھکڑی لگانے، ہتک عزت اور بغیر جرم میڈیا تشہیر سے باز رہے، بغیرجرم ہتھکڑیاں نہیں لگائی جا سکتیں، پولیس بھی اس وقت ہتھکڑی لگا سکتی جب ملزم سے تشدد کا خطرہ ہو۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

 
0
394

اسلام آباد اپریل 04 (ٹی این ایس): اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب کے ملزمان کوہتھکڑیاں لگانے کے عمل کوغیرشرعی قرار دے دیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرقبلہ ایاز نے کہا کہ نیب ملزمان کو ہتھکڑی لگانے اور ہتک عزت سے باز رہے، بغیرجرم ہتھکڑیاں نہیں لگانی چاہئیں۔انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب کاملزمان کوہتھکڑیاں لگانا غیرشرعی فعل ہے۔
نیب کا ملزمان کو ہتھکڑیاں پہنانا اسلامی شریعت اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرم ثابت ہونے سے قبل ملزم کی میڈیا میں ہتک اسلام اور تکریم انسانیت کے منافی ہے۔ نیب ملزمان کو ہتھکڑی لگانے اور ہتک عزت سے باز رہے۔ پولیس کی جانب سے بھی ملزمان کو ہتھکڑیاں لگانا غیرشرعی عمل ہے، ہتھکڑیاں لگانا اسی صورت درست ہے جب ملزم سے تشدد کا خطرہ ہو۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ نیب آرڈیننس جانچنے کیلئے جسٹس (ر) رضا خان کی سربراہی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی جائزہ لے گی کہ نیب کا کونسا قانون خلاف شریعت ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ نوجوان نسل ذہنی تناؤ کا شکار ہے۔عورت مارچ پر تشویش کا اظہار ہے۔ خواتین کو میراث میں حصہ دلوانے کیلئے قانون سازی کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے علماء کرام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایازنے کہا کہ نیوزی لینڈ دہشت گردی واقعے پرتشویش ہے۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ کی سیاسی بصیرت پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ واضح رہے پاکستان میں نیب کا ادارہ میگا کرپشن اور بدعنوانی کے کیسز کیخلاف بنایا گیا ہے۔
تاکہ وائٹ کالر مجرمان کو کٹہرے میں لا کر قومی خزانہ واپس لیا جاسکے۔ لیکن بدقسمتی سے نیب کرپشن کیسز کو آئین و قانون کے مطابق پکڑنے کی بجائے سیاسی کیسز میں الجھ کر رہ گیا ہے۔ جس سے نیب صرف سیاسی انتقام کیلئے استعمال ہونے والا ادارہ قرار دیا جاتا ہے۔پچھلے دنوں اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں، بغیر جرم میڈیا تشہیر کرکے باعزت ملزمان کی پگڑیاں بھی اچھالی جاتی ہیں۔ بعد ازاں معلوم ہوتا ہے کہ ملزم بے قصور تھا۔