وزیر اعظم عمران خان کی مقامی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے نئے سیاحتی علاقوں کی نشاندہی اور تفصیلی معلومات کی حامل جامع ویب سائٹ کے فوری اجراء کی ہدایت

 
0
340

اسلام آباد اپریل 11 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے مقامی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے نئے سیاحتی علاقوں کی نشاندہی اور ان کے بارے میں تفصیلی معلومات کی حامل جامع ویب سائٹ کا فوری اجراء کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو سیاحت کے فروغ کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، وزیر سیاحت پنجاب یاسر ہمایوں، وزیر سیاحت خیبر پختونخوا عاطف خان اور سیکرٹری سیاحت خیبر پختونخوا راشد محمود لنگڑیال نے شرکت کی۔
وزیر اعظم کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ خیبر پختونخوا میں 11 جبکہ پنجاب میں 8 مربوط سیاحتی زونز قائم کئے جارہے ہیں۔ یہ مربوط سیاحتی علاقے گبین جبہ، سوات (9200 فٹ بلندی)، منکیال، سوات ( 8700 فٹ بلندی)، بیون، سوات ( 11000 ہزار فٹ بلندی)، بیر مغلشت، چترال (9000 فٹ بلندی) ، گولین ، چترال (10400 فٹ) ککلشت، چترال (7500 فٹ)، بروائی، ناران (10000 فٹ ) اور ماہا بن بونیر (6600 فٹ) جیسے مقامات پر قائم کئے جارہے ہیں۔
وزیراعظم کو خیبر پختونخوا ٹورازم ایکٹ 2019 کے مسودے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔ نجی شعبہ سیاحت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا جبکہ حکومت سہولت کنندہ کی حیثیت سے ساز گار فضا فراہم کرے گی۔ مربوط سیاحتی زونز سیاحت کے فروغ کے لئے قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی سیاحت ، حیاتیاتی تنوع اور سیاحتی ریزاٹس کی قدرتی دلکشی کو بھی یقینی بنایاجائے گا۔
بریفنگ میں بتایاگیا کہ سیاحوں کی سہولت کے لئے کے پی ٹورازم ایکٹ 2019 کے تحت نئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور سیاحتی شعبہ کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کو بتایاگیاکہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے بین الاقوامی طورپر کامیاب ماڈلز کی پیروی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طورپر ایک جامع ویب سائٹ کااجراء کیا جائے جس میں قائم کئے جانے والے تمام نئے ٹورسٹ زونز کی نشاندہی کو اور مقامی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے ان مقامات کے بارے میں تفصیلی معلومات بھی فراہم ہوں۔