چیئرمین نیب کا آج نیب لاہورآفس کا دورہ، ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی جانب سے مختلف مقدمات پر بریفنگ دی گئی

 
0
322

لاہور اپریل 15 (ٹی این ایس): چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے آج نیب لاہور آفس کا دورہ کیا۔ اس دوران انھوں نے میگا کرپشن مقدمات پر پیشرفت کا جائرہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال آج نیب لاہور آفس کے دورے کے دوران انویسٹی گیشنز،میگا کرپشن مقدمات پرپیشرفت کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی جانب سے انھیں میگا کرپشن مقدمات، بالخصوص شریف فیملی سے متعلقہ کیسز جن میں آمدن سے زائداثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیسز شامل ہیں ان پر جامع بریفنگ دی گئی۔ چئیرمین نیب کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شریف فیملی کے تمام کیسز کی برائے راست نگرانی وہ خود کریں گے۔ تاہم جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مسمات نصرت شہباز، مسمات رابعہ عمران اور مسمات جویریہ علی کو نیب لاہور کی جانب سے بجھوائے گئے طلبی کے نوٹسز کینسل کرنے اور انھیں متعلقہ کیس کے حوالے سے نیب کو مطلوب معلومات کے لیئے سوالنامہ ارسال کرنے کے احکامات صادر کیے۔

یاد رہے کہ 3 روز قبل پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے۔نیب کی تین رکنی تفتیشی ٹیم نے حمزہ شہباز سے منی لانڈرنگ اوراثاثہ جات سے متعلق سوالات کیے تھے، حمزہ شہبازسے 2 گھنٹے 45 منٹ تک تفتیش کی گئی تھی۔حمزہ شہباز نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ مالی معاملات سلمان شہباز دیکھتے ہیں۔ میں صرف سیاسی معاملات دیکھتا ہوں۔ جس کے بعد حمزہ شہبازسوالات کے جوابات ریکارڈ کراکے نیب دفتر سے روانہ ہوگئے تھے۔