حکومت سکول جانے کی عمر کے تمام بچوں کے سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،

 
0
438

مئی کے آخر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام بچوں کے سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنایا جائے گا , وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمودکا تقریب سے خطاب
اسلام آباد اپریل 19 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، سکول جانے کی عمر کے تمام بچوں کے سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے، مئی کے آخر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام بچوں کے سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ’’وش ٹو ایکشن‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے غیر سرکاری تنظیم کے ان اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی بہتری میں کئے جانے والے اقدامات میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی اور انہیں ہر طرح کی معاونت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کی بنیادی وجہ ناخواندگی ہے، سکول جانے کی عمر کے 2 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ہم ان وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کو کیوں تعلیم نہیں دلوا رہے، ان وجوہات کا تدارک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواندگی کی شرح کو بہتر بنائے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ سکول جانے کی عمر کے بچوں کے سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنانے کے پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کیا گیا ہے۔ ایک سروے کے مطابق 11 ہزار بچے وفاقی دارالحکومت میں سکول نہیں جا رہے، ان بچوں کے سکولوں میں داخلہ پر کام ہو رہا ہے، اب تک 5 ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ مئی کے آخر تک تمام بچوں کے سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنایا جائے گا۔
’’وش ٹو ایکشن‘‘ فیملی پلاننگ پروگرام ملک کے 10 اضلاع فیصل آباد، چکوال، ملتان، مظفر گڑھ، راولپنڈی، بدین، کوئٹہ، کوہاٹ، مردان، ہری پور اور مظفرآباد میں شروع کیا گیا ہے، یہ پروگرام تین سال کیلئے شروع کیا گیا ہے جس میں نوجوانوں، معذور افراد اور غریب خاندانوں کو منصوبہ بندی کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔ تقریب میں خاندانی منصوبہ بندی اور صحت کے محکموں کے سربراہان اور اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر نجمہ حمید اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔