پی ٹی آئی ملک کی مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے ،ناکامی کا کوئی آپشن نہیں‘ مسرت چیمہ

 
0
403

لاہورجولائی19( ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران خود تو چھینک آنے پر بھی علاج کیلئے لندن روانہ ہو جاتے ہیں لیکن سرکاری ہسپتالوں اور غریب کی حالت زار سب کے سامنے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے اور اس میں ناکامی کا کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانولہ کے سرکاری ہسپتال میں مردے اور مریض کا ایک بیڈ پر علاج کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض حکمرانوں کی گڈ گورننس کا پول کھولنے کے لئے کافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے حتمی فیصلے نے ملک کے مستقبل اور سمت کا تعین کرنا ہے اور انشا اللہ ملک میں جلد کرپشن کرنے والوں کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہوجائے گا۔