حکومت کا یکم مئی سے عوام پر پٹرول بم گرانے کا فیصلہ، اوگرا کی وزارت پٹرولیم کو سمری ارسال، یکم مئی سے پیٹرول 14روپے 37 پیسے،لائٹ ڈیزل آئل6 روپے40 پیسے ،ڈیزل4 روپے 89 پیسے، مٹی کا تیل7 روپے46 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کردی گئی

 
0
369

اسلام آباد اپریل 29 (ٹی این ایس): وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوا دی ہے، یکم مئی سے پٹرول کی قیمت میں 14روپے اضافے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے یکم مئی سے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی ہے۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی ہے۔
سمری میں یکم مئی سے پیٹرول 14روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پیٹرول مہنگا ہونے سے پٹرول کی نئی قیمت 113روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔ اسی طرح اوگرا نے سمری میں لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے40 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی سفارش کی ہے۔ جس کے ساتھ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 86 روپے 94پیسے فی لیٹر ہو جائےگی۔ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 89 پیسے اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122روپے 32پیسے فی لیٹر مقرر کر دی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ اوگرا کی سمری میں مٹی کا تیل فی لیٹر 7روپے46 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 96روپے 77 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد کیا جائے گا۔