اسلام آباد مئی 04 (ٹی این ایس): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،ہمیں ان کے روشن مستقبل کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہونگے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی میں نوجوانوں اور طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصرنے کہاکہ نوجوانوں میں بڑی سوچ اور ترقی کے جذبے کی بیداری پیدا کرنا ہو گی۔اسد قیصر نے کہاکہ پاکستانی نوجوان قابلیت، اہلیت اور حب وطنی میں کسی بھی ترقی پذیر ملک کے جوانوں سے کم نہیں۔
اسد قیصرنے کہا کہ ماضی میں اداروں میں سیاسی مداخلت کی بدولت گورننس میں خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے قومی اسمبلی اور سینٹ کے ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ اسد قیصرنے کہاکہ قبائلی علاقوں میں بہت جلد ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے بے روزگار گریجوایٹ کو 10سے 15ہزار وظیفہ دینے کا جلد اعلان کیا جائیگا۔ اسد قیصر نے کہاکہ 5لاکھ سے ڈیڑھ کروڑتک نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں انسانی بنیادی ضروریات کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔