پوری قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، قوم کومایوس نہیں کریں گے، قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی سینئر قانون دان بابر اعوان سے گفتگو
لاہور مئی 10 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک وقوم کے وسیع ترمفاد میں مشکل فیصلے کررہے، قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے،قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی۔ملاقات میں آئینی ، قانونی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ مشکل فیصلے قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
اس موقع پر سینئر قانون دان بابر اعوان نے کہا کہ قوم نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔قومی ترقی کیلئے اداروں کی مضبوطی اورتنظیم نو ناگزیر ہے۔بابراعوان نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ مزید برآں وزیر اعظم عمران خان نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں پناہ گاہوں کا قیام کا منصوبہ اس بات کا مظہر ہے کہ کمزور اور نادار طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہے۔
انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے فلاحی منصوبوں کے بارے میں عوام کو مکمل آگاہی فراہم کرکے ان منصوبوں میں انکی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ یہ منصوبے کامیابی کی منازل طے کر سکیں۔ مختلف سرکاری کمپنیوں کے سربراہان نے وزیرِ اعظم کو کارپوریٹ سوشل ریسپانسبیلیٹی کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح سے متعلق مختلف اہم منصوبوں اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
زرعی ترقیاتی بینک کے صدر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کیا زرعی ترقیاتی بنک کی جانب سے کسانوں اور خصوصا چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لئے ای کریڈٹ کے نام سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب میں کسانوں کو اب تک گیارہ ارب روپے قرضہ فراہم کیاجا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کے تعاون سے آزاد کشمیر میں بھی اس منصوبے کو شروع کر دیا گیا ہے جبکہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومتوں سے اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ صدر زرعی ترقیاتی بنک نے بتایا کہ بینک کو ڈیجیٹل کرنے اور کسانوں کو اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کرنے پر بھی کام جاری ہے۔