پنجاب حکومت نے  گروتھ سٹریٹجی 2023ء لانچ کر دی، 90شاہراہ قائداعظم پر گروتھ سٹریٹجی 2023ء کی افتتاحی تقریب کا انعقاد۔

 
0
449

لاہور مئی 24 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا گروتھ سٹریٹجی 2023ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2023ء کے ذریعے اقتصادی ترقی کی راہ متعین ہوگی۔ گروتھ سٹریٹجی 2023ء میں عوام کودرپیش بنیادی مسائل سے نمٹنے کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔ گروتھ سٹریٹجی 2023ء عوام کی فلاح وبہبود اورحقیقی ترقی کا راستہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل وعدوں کی تکمیل کریں گے۔ تعلیم،صحت،زراعت سمیت بنیادی امور کی اصلاح پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ سی پیک منصوبوں کی تکمیل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی چاہتے ہیں۔ بے روزگاری کا خاتمہ اورروزگار کے خاطر خواہ مواقع ہمارے اہداف میں شامل ہیں۔ اگلے پانچ سال کے دوران بے روزگاری میں 8.8فیصد کمی لائی جائے گی۔ ہمارا ہدف سالانہ 12لاکھ نوکریوں کی فراہمی ہے۔ 2023ء تک پنجاب میں غربت کی سطح26.2سے کم کر کے 19.5فیصد پر لانا چاہتے ہیں۔ اپناگھر سکیم کے تحت اگلے پانچ سال میں سالانہ 6لاکھ 40ہزار گھر بنائے جائیں گے۔ اپنا گھر سکیم کا دائرہ کار بہت جلد پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا- صوبہ پنجاب وزیراعظم عمران خان کے مشن کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں۔ میڈیکل ایجوکیشن کے معیار اورہسپتالوں کی مینجمنٹ میں بہتری لائیں گے۔ نئے ہسپتال بنائیں گے،پرانے ہسپتالوں اور طبی مراکز کو اپ گریڈ کریں گے۔ صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نئی ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جائے گا۔ سکولوں کی تعمیر ومرمت،ضرروی سہولتوں کی فراہمی اورانفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ چارہزار سکولوں کی عمارتوں کو ازسرنوتعمیر کیا جائے گا۔ تین ہزار سے زائد سکولوں میں بجلی یا متبادل سولر لائٹس فراہم کی جائیں گی۔ 27ہزار سکولوں میں سائنس لیبارٹری اورالیکٹرانک لائبریریاں بنیں گی۔ سپیشل ایجوکیشن سیکٹر میں ڈگری کالج اورنابینا افراد کے لئے شیلٹرورکشاپس بنائی جائیں گی۔ پنجاب کے دیہات کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر کام کررہے ہیں۔ آبپاشی کیلئے 9ملین ایکڑ اضافی پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ صنعت،زراعت اورلائیوسٹاک سیکٹر کو بھی اپ گریڈ کیاجائے گا۔ سمارٹ ایگری کلچرکے فروغ کے ذریعے زرعی پیدوار بڑھائیں گے۔ گروتھ سٹریٹجی 2023ء میں پسماندہ علاقوں میں حقیقی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

مخصوص علاقوں میں سرمایہ کاری کے رحجانات کے باعث جنوبی پنجاب وسائل کی کمی کا شکار ہے۔ پسماندہ اضلاع میں صحت،تعلیم اورمواصلات پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ پسماندہ علاقوں کو سرمایہ کاروں کی توجہ کامرکز بنانے کیلئے سپیشل اکنامک زون کا درجہ دے رہے ہیں۔ وہاڑی، رحیم یار خان او ربہاولپور کی انڈسٹریل اسٹیٹس کو آباد کیا جا ئے گا- ماضی میں ترقی کے دعوے بہت ہوئے، جوش خطابت میں مائیک بھی گرائے گئے۔ کئی دہائیوں سے پنجاب کی حکمرانی پر فائز ان لوگوں نے عوام کے جذبات کا استحصال کیا- ان کی نام نہاد ترقی کی چکاچوندصرف ٹی وی سکرین اور اخبارات تک محدود تھیں۔ ماضی میں روزگار او ربرآمدات کا گراف گرتا چلا گیا۔ الیکشن کے لئے نہیں اللہ کی رضاکیلئے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ پنجاب کے ہر شہری تک ترقی کے ثمرات ضرور پہنچیں گے۔ تقریب سے صوبائی و زیر خزانہ ہاشم جواں بخت،مشیر اقتصادی امور و منصوبہ بندی ڈاکٹر سلما ن شاہ،معروف اکانومسٹ ڈاکٹر حفیظ پاشااورچیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، صوبائی وزراء، اراکین ا سمبلی،ماہرین،اعلی افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنی والی ممتاز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں –