وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کی ملاقات۔

 
0
556

لاہور مئی 25 (ٹی این ایس): انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے علماء کرام سے بھرپور تعاون کی اپیل۔ علماء کرام کا انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان۔  پولیو کے خاتمے کیلئے مستقل بنیادوں پر موثر انداز میں کام کرنے کے عزم کا اظہار۔ قومی فرض کی ادائیگی میں حکومت کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پولیو کے مرض کی موجودگی تشویشناک امر ہے۔ پوری دنیا پولیو فری ہوگئی ہے، بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان میں یہ موذی مرض اب بھی موجود ہے۔ انسداد پولیو کیلئے علماء کرام کا موثر کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ علماء کرام نے ہمیشہ معاشرتی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کیاہے۔ آج وطن کی مٹی اپنے نونہالوں کو پولیوسے محفوظ رکھنے کیلئے علماء کرام سے کردار ادا کرنے کا تقاضا کر رہی ہے۔ علماء کرام کا موثر کردار اس موذی مرض کے خاتمے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔ پنجاب سمیت پاکستان کو پولیو فری بنانا ہمارا مشن ہے۔  یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے قوم کے مستقبل کو پولیو جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رکھنا ہے۔ پولیو کے خلاف جنگ کو ہر قیمت پر جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔ علماء کرام کے دیگر ایشوز بھی حل کئے جائیں گے۔ عیدالفطر کے بعد علماء کرام سے تفصیلی ملاقات کروں گا۔ مستقبل میں آپ سے باقاعدہ رابطہ رہے گا۔ میرے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ علماء کرام کو انسداد پولیو کیلئے حکومتی اقدامات میں تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ علماء کرام نے ہمیشہ قومی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔ انسداد پولیو کے حوالے سے بھی علماء کرام کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہرمحمود اشرفی، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، پرنسپل جامعہ مسجد منہاج الحسین ڈاکٹر محمد حسین اکبر، خطیب جامعہ مسجدعمر بن عبدالعزیز حافظ زبیر احمد ظہیر، چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا غلام محمد سیالوی، خطیب جامعہ مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، صوبائی خطیب اوقاف مولانا غلام مصطفی رضوی، چیئرمین اتحاد اسلامک سنٹر مولانا ضیاء الحق نقشبندی، پرنسپل جامعہ ہجویریہ مولانا بدرالزمان قادری، خطیب جامعہ مسجد وزیر خان مولانا احمد رضا سیالوی، ادارہ علوم اسلامیہ پنجاب یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد سعد صدیقی، خطیب جامعہ مسجد نیلاگنبد مفتی محمد اسحاق ساقی الازہری،صوبائی خطیب اوقاف مولانا غلام مصطفی ثاقب،،مولانا شفیق احمد پسروری، مولانا محمد خالد، جامعہ المنتظر کے مولانا حافظ کاظم رضا نقوی اور دیگر علماء کرام شامل تھے۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، پیر سید سعیدالحسن شاہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنرلاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔