پاکستان ریلویز سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت کو زمین فراہم کرے گا’خواجہ سعد رفیق

 
0
310

 

لاہور ،اکتو بر06(ٹی این ایس): پاکستان ریلویز سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے پنجاب حکومت کو زمین فراہم کرے گا، اس سلسلے میں پاکستان ریلویز اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان ویٹ مین روڈ سنگھ پورہ میں زمین کی فراہمی اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ یہ اتفاق رائے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان اور چیف انجینئر اسرار سعید شریک ہوئے۔

ایل ڈی اے، ریلوے کی زمین کی اپ گریڈیشن کرتے ہوئے وہاں پارکنگ ایریا اور مارکیوںکی تعمیر بھی کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے اس موقع پر خواہش کا اظہار کیا کہ ان کا ادارہ ریلوے کے تعاون سے شاہدرہ میں بھی سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنا چاہتا ہے اور ریلوے کو اس کی زمین کی باقاعدہ قیمت ادا کی جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز پہلی مرتبہ اپنی قیمتی زمینوں کے تحفظ، قبضہ گروپوں سے واگزاری اور ان کی اپ گریڈیشن کے لیے باقاعدہ حکمتِ عملی کے تحت کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنگھ پورہ اور شاہدرہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس اینڈ ہیلتھ کمپلیکسز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نوجوانوں کے لیے عظیم تحفہ ہے اور پاکستان ریلویز کو بطور ادارہ خوشی ہے کہ اس کی زمینوں کا قوم کے نوجوانوں کے لیے بہترین استعمال ہورہا ہے۔ مجوزہ سپورٹس کمپلیکس میں جمنازیم، ٹینس کورٹ اور سوئمنگ پول سمیت ان ڈور سپورٹس کی تمام جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس سے قبل اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کے لیے حکومتِ پنجاب اور ایل ڈی اے کے ساتھ تعاون کیااور اب لاہور اور پنجاب کے شہری شدت کے ساتھ لاہور کا چہرہ اور پنجاب کی پہچان بدل دینے والی اورنج لائن ٹرین کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ وزیر ریلویز نے کہا کہ ان کا محکمہ ایل ڈی اے کے ساتھ میگا پراجیکٹس کے لیے تیار ہے اور گلبرگ جیسے پوش ایریا میں ریلوے کی 40 کنال سے زائد زمین موجود ہے جسے صرف سرکاری اداروں کے ساتھ بڑے کمرشل پراجیکٹ کے لیے پیش کیا جاسکتاہے۔

وزیر ریلویز نے ڈائریکٹر لینڈ ارشد سلام خٹک اور دیگر حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایسی تجاویز تیار کریں جس سے ریلوے کی بے کارپڑی ہوئی سرکاری زمینوں کو میگا پراجیکٹس کے لیے استعمال کیا جاسکے جس سے ادارے کی مالی حالت میں بہتری آئے۔ اجلاس میں قائم مقام سی ای او ہمایوں رشید، مشیر ریلویز انجم پرویز، ایم ڈی ریڈیمکو زبیر شفیع غوری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔