آئی جی پنجاب سے نعمان احمد لنگڑیال اور سردارمحمد آصف نکئی کی ملاقات

 
0
373

لاہور مئی 31 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس صوبے میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق اقدامات کر رہی ہے‘ جس سے نہ صرف عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی کی فضا مزید بہتر ہو رہی ہے بلکہ پولیس کی موثر پالیسیوں کی بدولت عوام بہترین سروس ڈلیوری سے مستفید ہورہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس شہریوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے مصروف عمل ہیں جس کی بدولت ایف آئی آر کے بروقت اندراج میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی‘ سنٹرل پولیس آفس میںقائم 8787آئی جی پی کمپلینٹ سیل سے بھی اب تک لاکھوں شہری کی شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں صوبائی وزراء نعمان احمد لنگڑیال اور سردار محمدآصف نکئی سے ملاقات کے دوران کیا ۔
دوران ملاقات صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے صوبائی وزرا ء کو پولیس کے ورکنگ سسٹم میں ہونے والی نئی اصلاحات اور پراجیکٹس سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس خدمت مراکز قائم کردئیے گئے ہیںجہاں شہری ایک ہی چھت تلے پولیس سروسز سے متعلقہ چودہ مختلف سہولیات حاصل کر رہے ہیں ۔
صوبائی وزرا ء نے رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کی موثر کاروائیوں کی بدولت دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جبکہ ملک کے نامور تعلیمی اداروں کا 8787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹراور پولیس خدمت مراکز کا ریسرچ کیلئے انتخاب انکی کامیابی کا عکاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس آئی ٹی کے استعمال کے حوالے سے دنیا کی ترقی یافتہ فورسز کے ہم پلہ ہے اور پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹ ملک کے دیگر صوبوں کی پولیس فورسز کیلئے بھی قابل تقلید ہیں۔