پی آئی اے کی دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس کاآغاز ہوگیا ، اوپن اسکائی پالیسی کو منصفانہ ہونا چاہئے،سردار مہتاب احمد

 
0
454

کراچیجولائی19 (ٹی این ایس ) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس کاآغاز ہوگیا ہے ۔کانفرنس میں دنیا بھر سے پی آئی اے کے کنٹری منیجرشرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کی صدارت وزیراعظم کے مشیربرائے ہوابازی سردار مہتاب احمدعباسی نے کی جبکہ کانفرنس کے پہلے روزپی آئی اے کا منافع بڑھانے کے ممکنہ پہلوؤں پر غور کیا گیا۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمدعباسی نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اوپن اسکائی پالیسی کو منصفانہ ہونا چاہئے ماضی میں اوپن اسکائی پالیسی نے پی آئی اے کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی ملک کو فراخ دلانہ طور پر رائٹس نہیں دیئے جانے چاہئے ہمیں اپنے ملک کا مفاد مقدم رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں اضافے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں ملازمین کو بھی ایئرلائن کے لئے اونر شپ لینا ہوگی۔اس موقع پر ایئر لائن کے سی ای او نیئر حیات نے کہاکہ پی آئی اے کو کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ہمیں ایئرلائن کی بحالی کیلئے نئے بزنس ماڈل اختیار کرنا ہوں گے۔انہوں نے شرکا کو بتایا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے سیٹ فیکٹر کے ساتھ ساتھ ریوینیو میں بھی اضافہ ہوا ہے۔