سابق صدر آصف علی زرداری گرفتار ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج، نیب نے تمام انتظامات مکمل کر لیے آصف زرداری کو عام قیدیوں کی طرح رکھا جائے گا

 
0
941

اسلام آباد جون 10 (ٹی این ایس): نیب کی خصوصی ٹیم نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا گیا ہے ‘نیب حکام کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے گرفتاری دینے پر آمادگی ظاہرکردی ہے. قومی احتساب بیوروکی جانب سے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے گئے تھے تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر فریال تالپور کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی.نیب کی جانب سے خصوصی ٹیم نے پہلے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور قانون کے مطابق انہیں آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری اور دیگر معاملات سے آگاہ کیا.
نیب کی جانب سے خصوصی گاڑی کو زرداری ہاﺅس کے اندر بلالیا گیا ہے جبکہ گھر کے دونوں دروازوں پر پولیس کا کنٹرول ہے ‘ذرائع کے مطابق نیب کے سنیئرافسران سابق صدر سے مذکرات کے لیے اندر موجود ہیں جبکہ سابق صدر کے وکلاءکی ٹیم بھی اندر موجود ہے جس سے مشاورت کے بعد آصف زرداری نے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پارٹی کی سیاسی قیادت نے انہیں پارلیمنٹ ہاﺅس میں جاکر گرفتاری دینے کا مشورہ دیا تھا .
آصف زرداری کو گرفتاری کے بعد انہیں نیب ہیڈکواٹرروالپنڈی کے حوالات میں لے جایا جائے جارہا جہاں ان کا طبی معائنہ ہوگا . نیب کی جانب سے سابق صدر اور ان کے وکلاءکو گرفتاری کا حکم نامہ دکھایا گیا‘دریں اثناءآصف علی زرداری کی گرفتاری کے پیش نظر ملک بھر میں خصوصی حفاظتی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کیئے گئے ہیں . وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں سندھ کی صورتحال خصوصی طور پر زیربحث آئے گی‘سندھ میں رینجرزکو مزید اختیارات دیئے جانے کا امکان ہے تاکہ ممکنہ پرتشدد احتجاجی مظاہروں کی صورت میں ان پر قابو پایا جاسکے .
اسلام آباد پولیس کی جانب سے حفاظتی اٹھاتے ہوئے زرداری ہاﺅس کی جانب آنے والی مرکزی شاہراہ سمیت تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں بتایا جارہا ہے کہ سابق صدر نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کی سرکاری گاڑی منگوائی ہے اور وہ پارلیمنٹ ہاﺅس جاکر گرفتاری دینا چاہتے ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی جانب سے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوئی. ادھرقومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے راہنماءراجہ پرویزاشرف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سپیکر کوآصف زرداری کے فوری پروڈیکشن آڈرجاری کرنے کی درخواست کی .
اپوزیشن کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر سابق صدر کے پروڈیکشن آڈر جاری کریں تاکہ وہ قومی اسمبلی میں آکر اپنے حلقے کے عوام کی نمائندگی کرسکیں. ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتیں آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف قرارداد لانے کے لیے مشاورت کررہی ہیں اورممکنہ طور پر آج قائدحزب اختلاف کے چیمبر میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا ہنگامی مشاورتی اجلاس ہوگا .دوسری جانب لاہور‘کراچی‘لاڑکانہ‘ملتان‘روالپنڈی اور دیگر شہروں میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا ہے .
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی پی کے کارکنوں نے میٹرو بس کے روٹ پر بھی ٹائرجلا کر بس کی سروس بند کردی ہے . پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سندھ ہاﺅس اسلام آباد میں پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹیوکمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے. بتایا جارہا ہے کہ نیب کی جانب سے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے گئے تھے تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر فریال تالپور کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی.