چاہتا ہوں کہ چینی پر 17 فیصد ٹیکس صفر ہوجانا چاہئیے عوام کو جہاں جہاں ممکن ہو ریلیف ملنا چاہئیے۔ جہانگیر ترین

 
0
305

اسلام آباد جون 21 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ چینی پر عائد کیے جانے والے ٹیکس سے چینی 3 روپے 60 پیسے فی کلو مہنگی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے 8 فیصد ٹیکس دیتی تھی لیکن اب 17 فیصد ٹیکس دینا پڑے گا۔ چاہتا ہوں کہ چینی پر 17 فیصد ٹیکس صفر ہوجانا چاہئیے۔ ٹیکس ختم ہونے سے چینی 10 روپے فی کلو سستی ہو گی۔ لیکن ایسا کرنے سے حکومت کے پاس بجٹ میں خسارہ آ جائے گا۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عوام کو جہاں جہاں ممکن ہو ریلیف ملنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ گھی پر پہلے بھی ٹیکس تھا لیکن وہ ٹیکس امپورٹ پر تھا ، اور اب وہ ٹیکس گھی مل کر شفٹ کر دیا گیا ہے۔ کھاد پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک چلانے کے لیے عوام کو یہ بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ ساڑھے پانچ ہزار ارب روپے کا ٹیکس ٹارگٹ ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 11 جون کو مالی سال 20-2019ء کا بجٹ پیش کیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس ہوا۔ موجودہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر اپنی حکومت کا پہلا سالانہ بجٹ پیش کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے بجٹ کا حجم 7 کھرب 22 ارب روپے رکھا گیا ۔
بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 1800 ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 550 ارب رکھا گیا۔بجٹ میں چینی کی قیمت میں کیا گیا اضافہ سب سے زیادہ غور طلب قرار دیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں چینی پر سیلز ٹیکس 8 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا تھا۔ جس کے بعد چینی کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی کلو اضافے کا امکان ہے۔ چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے شوگر مل مالکان کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔