نیب حکام کا شرجیل میمن کو حراست میں لینے کا فیصلہ نیب سندھ کے حکام شرجیل میمن کی حراست کی اجازت لینے کے لیے احتساب عدالت پہنچ گئے

 
0
476

کراچی جون 21 (ٹی این ایس): نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نیب حکام نے شرجیل میمن کو جیل سے حراست میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نیب سندھ کے حکام شرجیل میمن کی حراست کی اجازت لینے کے لیے احتساب عدالت پہنچ گئے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات کے لیے شرجیل میمن کو حراست میں لینا ضروری ہے۔
واضح رہے کچھ روز قبل نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ چھاپے کے دوران نیب نے فارم ہاؤس کی تلاشی لی جس کے بعد مختلف دستاویزات اور کچھ اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا تھا۔ نیب کے چھاپے کے دوران کراچی کی ٹیم بھی موجود تھی۔ نیب کے چھاپے کے دوران رقبے کی پیمائش کا کام بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن نے اپنے اثاثہ جات میں اس فارم ہاؤس کو ظاہر نہیں کیا۔
اس فارم ہاؤس کا انکشاف شرجیل میمن کے گرفتار فرنٹ مین سے کی گئی تفتیش کے دوران ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم میں چھ سے سات افراد شامل تھے۔خیال رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز اپوزیشن پر کافی بھاری رہا ۔ پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس سے حراست میں لے لیا ، اور بعد ازاں احتساب عدالت نے انہیں 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا اور آج ان کا مزید جسمانی ریمانڈ بھی منظور ہو گیا ہے۔
پاکستان میں رواں ماہ کے دوران ہونے والی گرفتاریوں نے سیاست میں بھی ایک ہلچل مچا دی ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ تبصرے ہورہے ہیں۔ جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس حوالے سے کافی بے چینی بھی پائی جا رہی ہے۔ سینئیر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں مزید گرفتاریاں ہونے کا بھی امکان ہے ۔