چئیرمین نیب نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان کا سخت نوٹس لے لیا فواد چودھری کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ چئیرمین نیب کا حکم

 
0
298

اسلام آباد جون 21 (ٹی این ایس): چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے بیان کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان کا سختی سے نوٹس لیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ احتساب نیب نہیں ہم کر رہے ہیں۔
فواد چودھری کا بیان حقائق کے منافی ہے۔ وفاقی وزیر کے بیان سے نیب کا تشخص مجروح ہوا۔ فواد چودھری کے بیان سے نیب افسران کے کام کی نفی ہوئی۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر کا یہ بیان نیب تحقیقات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ حکومت نے آج تک نیب کو کوئی ریفرنس نہیں بھیجا۔ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب کو وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان کی مصدقہ کاپی حاصل کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ فواد چودھری کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے گذشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن کا احتساب نیب نہیں ہم کررہے ہیں۔


اسمبلی کے ماحول میں آنے والے دنوں میں مزید بہتری آئے گی۔
شہباز شریف نے تین چار گھنٹے کی تقریر لوگوں کو ُلانے کے لیے کی تھی، اسپیکر کو پارلیمنٹ میں تقریروں کا ٹائم مقرر کرنا چاہئیے، اپوزیشن ٹیکس نیٹ بڑھانے کے خلاف ہے تو میثاق معیشت کیسے ہوگا،صدی کا سب سے بڑا یوٹرن بلاول بھٹو کا رائیونڈ جانا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر سیاسی حلقوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے بھی کافی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور اس پر بحث بھی چھڑ گئی تھی جس کے بعد اب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فواد چودھری کے اس بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قانون کے مطابق وفاقی وزیر کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔