پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا ٗ سرتاج عزیز

 
0
538

اسلام آبادجولائی 19(ٹی این ایس): وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا،جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے اس کا حل ضروری ہے۔وہ بدھ کو آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نو رکنی وفد سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔سرتاج عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ قابض بھارتی فورسز کے خلاف جائز جدوجہد اور بہادری سے لڑ رہے ہیں۔بے پناہ قربانیوں اور بے مثال مزاحمت پر پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔مشیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور پاکستانی عوام کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان اپنے دیرینہ اور اصولی موقف پر قائم رہے گا۔مشیر خارجہ نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کا دہشت گردی سے موازنہ کرنیکی بھارتی کوششوں کو مسترد کر چکی ہیں۔کشمیری وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو مقبوضۃ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے بارے میں بریف اور بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی پر تحفظات کا اظہارکیا۔وفد نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد حق خود ارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جدوجہد انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

وفد نے جدوجہد کشمیر کو دبانے کیلئے قابض بھارتی فورسز کی جانب سے نئی پالیسی کے بارے میں مشیر خارجہ کو آگہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پر امن احتجاجی مظاہرین کیخلاف کیمیائی ایمونیشن استعمال کر رہا ہے جس کی تصدیق شہید کئے گئے بیگناہ کشمیریوں کے ناقابل شناخت اور جلے ہوئے نعشوں سے ہو چکی ہے۔وفد نے بھارتی فورسز کی جانب سے جان بوجھ کر ایل او سی پر مسلسل بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔مشیر خارجہ نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مخدوش ہوتی ہوئی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔