اسلام آباد جون 27 (ٹی این ایس): اس آپریشن کے دوران کشمیر ہائی وے کے رائٹ آف وے سے تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے گذشتہ سال کیے گئے آپریشن کے دوران مختلف منہدم کی گئیں عمارات کے باقی ماندہ سٹرکچر کو مکمل مسمار کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل سی ڈی اے نے پبلک نوٹس کے ذریعے ان عمارات کے مالکان و قابضین کو بذریعہ پبلک نوٹس ہدایت کی تھی کہ وہ از خود عمارات کے سٹرکچرز اور ملبے کو ہٹا لیں۔ دی گئی مہلت گذرنے کے بعد سی ڈی اے نے پہلے مرحلے میں رائٹ آف وے پر پڑے ہوئے ملبے کو اُٹھانے کا عمل شروع کیا جس کے بعد اب اس علاقے سے غیر قانونی عمارات کے باقی ماندہ سٹرکچرز کو مسمار کیا جا رہا ہے۔
جمعرات کو شروع کیے گئے اس آپریشن کے دوران تین عمارات بشمول کلتور شنواری، مون ریسٹورنٹ اور ڈئنمک موٹرز کے باقی ماندہ سٹرکچرز کو مسمار کر کے ملبے کو ہموار کر دیا گیا ہے۔

دریں اثناء شہر میں جاری دیگر انسداد تجاوزات کاروائیوں کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے سیکٹر آئی ٹین ون کی گلی نمبر 75 میں ایک آپریشن کرتے ہوئے 15 غیر قانونی شیڈ، کیبن اور چھوٹی ڈیواریں اور سیکٹر آئی ٹین ٹو کی سٹریٹ نمبر13 میں غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ گیراج مسمار کر دیا۔ اسی طرح راول ٹاؤن اور سنگم مارکیٹ سیکٹر آئی ایٹ میں انسداد تجاوزات کاروائیوں کے دوران تجاوزات کا خاتمہ کر کے 05 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا جس کو سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سٹور میں شفٹ کر دیا گیا۔














