راولپنڈی جولائی 05 (ٹی این ایس): پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ بہت سے لاپتا افراد کالعدم ٹی ٹی پی کا حصہ ہیں، حکومت اور سکیورٹی ادارے لاپتا افراد کے معاملے پر کر رہے ہیں، ہمارے دل لاپتا افراد کے اہلخانہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاک فوک کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے چیئرپرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس آمنہ مسعود جنجوعہ نے ملاقات کی۔
جس میں لاپتا افراد سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ آمنہ جنجوعہ نے لاپتا افراد کیلئے ریاست اورسیکیورٹی اداروں کی کوششوں اور ہمدردیوں کوتسلیم کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل آصف غفور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے لاپتا افراد کے معاملے پر کر رہی ہے۔ لاپتا افراد کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل لاپتا افراد کے اہلخانہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر لاپتا شخص کی گمشدگی کو ریاست سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ بہت سے لاپتا افراد افغانستان میں یا کہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کا حصہ ہیں۔ کئی لاپتا افراد ٹی ٹی پی کی طرف سے لڑتے ہوئے مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد ریاست کے پاس ہیں وہ قانونی عمل سے گزر رہے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے لاپتا افراد کے معاملے پر جی ایچ کیو میں خصوصی سیل بھی قائم کررکھا ہے۔
چیئرپرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ غیر ریاستی عناصرکومتاثرہ خاندانوں کا استحصال کرنے نہیں دینا چاہیے۔ واضح رہے پچھلے دنوں حکومت نے اپنی اتحادی جماعت بی این پی کو40 لاپتا افراد کا سراغ لگانے کی خوشخبری دی۔ سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے کہا کہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کا عمل مرحلہ وارشروع ہوجائے گا، ہماری وجہ سے 40 خاندانون کو خوشی مل گئی تو بڑی بات ہوگی۔