مسلم لیگ ن کے لیے ایک اور مشکل ، اراکین اسمبلی نے فارورڈ بلاک کے لیے رابطے تیز کر دئے

 
0
311

ن لیگ کے بڑے باغی گروپ نے حکمران جماعت سے وزیراعظم سے جلد ملاقات کروانے کی درخواست کر دی
لاہور جولائی 08 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن ایک طرف جہاں ویڈیو اسکینڈلز لا رہی ہے وہیں دوسری جانب مسلم لیگ ن کے اپنے اراکین صوبائی اسمبلی نے پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت مسلم لیگ ن کے کئی اراکین صوبائی اسمبلی نے فارورڈ بلاک بنانے کے لیے نہ صرف رابطے تیز کیے ہیں بلکہ حکمران جماعت سے رابطے کر کے وزیراعظم عمران خان سے جلد ملاقات کروانے کی درخواست بھی کر دی ہے۔
اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب کابینہ کے سنیئر ممبران کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ن لیگ کے 15ممبران پنجاب اسمبلی کے بعد 25 کے قریب ممبران صوبائی اسمبلی اپنی جماعت کے باغی گروپ کے ساتھ رابطے میں ہیں جن کے ذریعے وہ حکومت سے اعلٰی سطح پر بھی رابطے میں ہیں اور وزیر اعظم عمران خان سے ان کی جلد ملاقات کا بھی امکان ہے ۔
انہوں نے حکمران جماعت سے رابطے کر کے درخواست کی ہے کہ وزیراعظم سے جلد ملاقات کروائی جائے۔ پنجاب کابینہ کے سینئیر ممبران نے پُرانا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ن لیگ میں بننے والے فارورڈ بلاک کے ممبران پنجاب اسمبلی نے پارٹی کی ٹاپ کمانڈ کو مکمل گروپ کے منظر عام پر آنے تک ان کے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کر رکھی ہے لیکن انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے دوسرے گروپ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جو ممبران اپنے نام ظاہر کرنے کی اجازت دیں گے ان کے نام پبلک کر دیے جائیں گے ، اور اگر ایسا نہ بھی ہوا تو ان کے نام فارورڈ بلاک بننے پر خود بخود منظر عام پر آ جائیں گے ۔
پنجاب کابینہ کے سینئیر ممبران نے ن لیگ کے باغی ممبران پنجاب اسمبلی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فارورڈ بلاک بنانے کا ارادہ رکھنے والے ایم پی ایز نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست اس وقت صرف ”نیب کیسز سے بچاؤ” کے گرد گھوم رہی ہے ، مسلم لیگ ن کی اعلٰی قیادت، جس میں شریف فیملی اور ان کے چند قریبی ساتھی پرویز رشید،احسن اقبال،شاہد خاقان عباسی ،خواجہ آصف اور دیگر رہنما شامل ہیں، نے پارٹی کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے اور وہ اپنا سیاسی مستقبل اعلٰی قیادت کے ذاتی مفادات کی یکطرفہ ٹریفک کے کسی حادثے کی زد میں نہیں لانا چاہتے ۔
وہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی غیرمشروط حمایت کرتے رہیں گے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس پر مسلم لیگ ن میں کافی بے چینی دیکھنے میں آئی تھی تاہم اب مسلم لیگ ن میں موجود فارورڈ بلاک نے اپنے رابطے تیز کر دئے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد یہ فارورڈ بلاک جلد ہی سب کے نام منظر عام پر لے آئے گا۔