برما پُل کے تعمیراتی کام کا آغاز بہت جلد ہونے والا ہے، سی ڈی اے

 
0
435

اسلام آباد جولائی 15 (ٹی این ایس): سی ڈی اے برما پُل کے تعمیراتی کام کا آغاز بہت جلد کرنے والا ہے۔ اس منصوبے کا ٹینڈر کھلنے کے بعد اس کے تمام قواعد و ضوابط کو پورا کیا جا چکا ہے اور اس پُل کی تعمیر سے جہاں ایک عرصہ سے تعطل کے شکار اس منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے وہاں اس پُل کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد برما پُل کے گردونواح کے علاقوں کے مکینوں کو اس پل کو استعمال کرنے کی سہولت میسر ہو جائے گی۔ برما پُل کی لمبائی 152 میٹر جبکہ اس کی چوڑائی ساڑھے گیارہ میٹر ہو گی۔ برما پُل کے منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جا ئے گا۔
برما پُل کی تعمیر کے لیے اخبارات میں ٹینڈر دینے کے بعد پیر کے روزاس کا ٹینڈر کھولا گیا اس منصوبے کے لیے چھ فرموں نے حصہ لیا۔ اس منصوبے کی تعمیر اتی لاگت کا تخمینہ 199 ملین روپے لگایا گیا تھا تاہم اس منصوبے کی 3.97 فی صد کم لاگت پر پیشکش آئی ہے۔ ٹینڈر کھولنے کی تمام کاروائی کی نگرانی ایک کمیٹی نے کی۔
اب اس پل کے تعمیراتی کام کی موصول ہونے والی پیشکش کے تمام قواعد و ضوابط کو پورا کرنے کے بعد مجاز اتھارٹی کی منظوری حاصل کی جائے گی جس کے بعد اس پر با قاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برما پُل کی خستہ حالی کے باعث متعلقہ اتھارٹی نے سات سال قبل اس پُل پر ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی لگا دی تھی تاکہ اس کی خراب حالت کے باعث کوئی حادثہ رونما نہ ہو چونکہ اس پُل کی شمالی سائیڈ بیٹھ گئی تھی اس لیے تمام ٹریفک کو پل کی جنوبی سائیڈ پر شفٹ کر دیا گیا تھا۔
یہ منصوبہ گذشتہ کئی سالوں سے التواء کا شکار تھا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے تعطل کے شکار اہم نوعیت کے حامل منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے ایسے منصوبوں کو نہ صرف از سر نو زندہ کیا بلکہ ان منصوبوں کے لیے باقاعدہ فنڈز بھی بجٹ میں مختص کئے۔ برما پُل کی تمام مطلوبہ کاروائی کو مکمل کرنے کے بعد اخبارات میں ٹینڈر دیا گیا تھا اور آج(پیر) کے روز ٹینڈر کھولا گیا۔ اب موصول ہونے والی پیشکش کی مجاز حکام سے منظوری لینے کے بعد بہت جلد برما پُل کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔