سی ڈی اے نے ادارے میں خالی پوسٹوں پر بھرتی کے لیے ٹیسٹنگ ایجنسی(Testing Agency)کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا

 
0
364

اسلام آباد جولائی 15 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے ادارے میں خالی پوسٹوں پر بھرتی کے لیے ٹیسٹنگ ایجنسی(Testing Agency)کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ نے اس ضمن میں پہلے ہی اصولی منظوری دے دی ہے اور اب مزید کاروائی کے لیے اسے وزاتِ داخلہ کو بھیج دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ لینے کے لیے ایجنسی کی خدمات لینے کا مقصد ادارے میں ریکروٹمنٹ کے عمل کو موئثر اور کم وقت میں مکمل کرنا ہے۔ مزید برآں ایجنسی کی خدمات لینے سے بھرتی کے تمام عمل میں میرٹ اور شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے نئی ریکروٹمنٹ نہ ہونے کے باعث سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ، فنانس ونگ اور کیپٹل ہسپتال کو عملے کی کمی کا سامنا کرنا پٹر رہا ہے جس کے نتیجے میں سروسز کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی طرف سے مختلف شعبوں اور زیر التواء مسائل کو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ حل کرنے کی ایک مربوط حکمتِ عملی بنائی ہے اور اس حکمت عملی کے تحت ہی ادارے میں مستقبل میں خالی پوسٹوں پر بھرتی کے لیے ٹیسٹنگ ایجنسی(Testing Agency) کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایجنسی کی خدمات لینے سے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل امیدواروں کو ادارے میں بھرتی کرنے میں مدد ملے گی جبکہ ہزاروں کی تعدادمیں موصول ہونے والی درخواستوں پر ضائع ہونے والے وقت کی بھی بچت ہو گی۔