وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا

 
0
297

واشنگٹن جولائی 24 (ٹی این ایس): وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا ، پورے امریکہ میں جشن کا سماء نظرآیا، پاک بھارت امن میں رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے،مقبوضہ کشمیرمیں حالات بگڑتے جا رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے حل میں امریکہ کردار ادا کرسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ امریکی صدر کا گرمجوش رویہ تاریخ میں پہلی باردیکھنے میں آیا ، وزیراعظم کو وائیٹ ہائوس کے ان حصوں کا بھی دورہ کرایا گیا جوکبھی کھولے نہیں گئے تھے۔وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا ، پورے امریکہ میں جشن کا سماء نظرآیا،لوگ سڑکوں پرجھنڈے لہراتے نظرآئے۔
کیپٹل ہل جاتے وقت لوگوں نے سڑکوں پر کھڑے ہوکر وزیراعظم کا استقبال کیا ،کیپٹل ہل میں ارکان کانگریس سمیت دیگر لوگ تصویریں بنواتے رہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت امن میں سب سے بڑی رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے،مقبوضہ کشمیرمیں حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات اپنی نوعیت کے ہیں تاہم مسئلہ کشمیر کے حل میں امریکہ کردار ادا کرسکتا ہے۔اس سلسلے میں صدر ٹرمپ نے واضع بیان دیا ہے ،یہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔